پاکستان کے ایئرپورٹس پر مسافروں کو مفت چائے فراہم کرنے کا منصوبہ
جمعرات 20 اکتوبر 2022 20:51
سول ایوی ایشن اتھارٹی نے چائے فراہم کرنے والی کمپنی منتخب کرنے کے لیے ٹینڈر بھی جاری کردیا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کی سول ایوی ایشن اتھارٹی (پی سی اے اے) نے پاکستان کے بڑے ایئرپورٹس پر مسافروں کو مفت چائے پلانے کا منصوبہ تیار کیا ہے۔
اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ایک اعلٰی اہلکار نے بتایا کہ ’مسافروں کو تین سے چار ہفتوں میں یہ سہولت کراچی، لاہور اور اسلام آباد کے ایئرپورٹس پر فراہم کردی جائے گی۔‘
سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اس سلسلے میں چائے سروس فراہم کرنے والی کمپنی منتخب کرنے کے لیے ٹینڈر بھی جاری کردیا ہے۔
ابتدائی مرحلے میں بڑے ایئرپورٹس سے بین الاقوامی اور مقامی پروازوں سے سفر کرنے والے مسافروں کو مفت چائے فراہم کی جائے گی۔
سوشل میڈیا پر صارفین اس حوالے سے وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کے بیان کا حوالہ دیتے نظر آئے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ’چائے کی ایک ایک پیالی، دو دو پیالیاں کم کردیں کیونکہ جو چائے ہم درآمد کرتے ہیں، وہ اُدھار لے کر درآمد کرتے ہیں۔‘
صارفین کا کہنا تھا کہ ’وزیر ہوابازی خواجہ سعد رفیق چائے مفت پلا رہے ہیں جبکہ وزیر منصوبہ بندی چائے پینے سے روک رہے تھے۔‘