Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کینیڈا میں باتھ روم صاف کرنے پر اضافی پیسے ملتے تھے: گپی گریوال

گپی گریوال نے بتایا کہ وہ اپنی اہلیہ رونیت کور کے ساتھ کینیڈا میں رہتے تھے (فوٹو: سپاٹ بوائے)
انڈیا کے پنجابی اداکار اور سنگر گپی گریوال نے کہا ہے کہ انہیں کینیڈا میں باتھ روم صاف کرنے پر اضافی پیسے ملتے جس پر وہ خوشی سے کام کرتے تھے۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق لدھیانہ سے تعلق رکھنے والے پنجابی سپر سٹار گپی گریوال نے اپنے انٹرویو میں شوبز میں آنے سے پہلے کا قصہ سنایا ہے۔
گپی گریوال نے بتایا کہ وہ اپنی اہلیہ رونیت کور کے ساتھ کینیڈا میں رہتے تھے اور وہاں ایک وقت پر تین تین کام کرتے تھے، یہاں تک کہ انہوں نے باتھ روم بھی صاف کیے۔
گِپی گریوال نے انٹرویو میں بتایا کہ ’شوبز میں آنے سے پہلے وہ اور ان کی اہلیہ صبح چار بجے اٹھ کر لوگوں کے گھروں میں اخبار پھینکنے کا کام کرتے تھے اور باتھ روم بھی صاف کرتے تھے جس پر انہیں اضافی پیسے مل جاتے تھے، جن سے انہوں نے اپنے میوزک کیریئر کا آغاز کیا۔‘
گپی گریوال نے مزید کہا کہ ’یہ ہماری بدقسمتی ہے کہ یہاں (انڈیا میں) باتھ روم صاف کرنے کو اچھا کام نہیں سمجھا جاتا کہ یہ ایک مزدوری ہے، جب میں کینیڈا میں تھا تو میں فرش کی صفائی بھی کرتا تھا، مجھے پیسے کمانے کے لیے وہ سب کرنا پڑتا تھا اور مجھے اس سے کوئی شرمندگی نہیں ہوتی تھی کیونکہ مجھے اس کام کے پیسے ملتے تھے۔‘
گپی گریوال نے اپنے میوزک کیریئر کا آغاز 2002 میں کیا تھا جبکہ 2010 میں آنے والی پنجابی فلم ’میل کرا دے ربا‘ گپی گریوال کی ڈیبیو فلم تھی، تاہم 2012 میں آنے والی بلاک بسٹر فلم ’کیری آن جٹا‘ گپی گریوال کے کیریئر کی سب سے بہترین فلم ثابت ہوئی۔
گپی گریوال نے اپنے کیریئر میں ابھی تک کیری آن جٹا، ارداس، جٹ جیمز بانڈ، منجی بسترے، لکی دی ان لکی سٹوری اور سنگھ ورسس کور جیسی سپر ہٹ فلموں میں کام کیا ہے۔
25 اکتوبر کو گپی گریوال کی نئی فلم ’ہنی مون‘ بھی ریلیز ہونے کو تیار ہے۔
فلم ہنی مون کامیڈی نوعیت کی فلم ہے جس میں گپی گریوال، جاسمین بھاسن، کرمجیت انمول، نرمل رشی، ہربی سنگھا اور پاکستانی اداکار ناصر چنیوٹی بھی شامل ہیں۔

شیئر: