Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

200 کروڑ روپے کا منی لانڈرنگ کیس، اداکارہ جیکلین فرنینڈز کی ضمانت میں توسیع

جیکلین فرنینڈز نے مبینہ طور پر سکیش چندرشیکھر سے سات کروڑ روپے کی جیولری تحفے میں وصول کی (فائل فوٹو: جیکلین فرنینڈز انسٹاگرام)
انڈیا میں دارالحکومت دہلی کی ایک عدالت نے 200 کروڑ روپے کے منی لانڈرنگ کیس میں اداکارہ جیکلین فرنینڈز کی ضمانت میں 10 نومبر تک توسیع کر دی ہے۔
ضمانت میں یہ توسیع ایک فراڈیے کے طور پر پہچانے جانے والے سکیش چندرشیکھر نامی شخص کی جانب سے مبینہ طور پر کروڑوں کی بھتہ خوری کے کیس میں کی گئی ہے۔
عدالت نے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کو ہدایت کی کہ وہ تمام فریقین کو چارج شیٹ اور دیگر دستاویزات مہیا کرے۔
جیکلین فرنینڈز پر الزام ہے کہ انہوں نے مبینہ طور پر سکیش چندرشیکھر سے سات کروڑ انڈین روپے کی جیولری تحفے میں وصول کی۔ اس کے علاوہ انہیں کئی مہنگی ترین کاریں، قیمتی ہینڈ بیگز، ملبوسات اور بیش قیمت گھڑیوں کے تحائف بھی دیے۔
انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے این ڈی ٹی وی کو 36 سالہ اداکارہ کے حوالے سے بتایا کہ ’وہ قصوروار نہیں ہیں، لیکن سکیش چندرشیکھر کے خلاف کیس میں ان سے بطور گواہ تفتیش کی گئی ہے۔
24 اگست کو تحقیقاتی ایجنسی نے کہا تھا کہ اس نے چنئی میں ایک بنگلہ، 82.5 لاکھ روپے نقد اور درجنوں لگژری گاڑیاں قبضے میں لی ہیں۔
انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی چارج شیٹ کے مطابق ’تحقیقات کے دوران، جیکلین فرنینڈز کے بیانات 30 اگست 2021 اور 20 اکتوبر 2021 کو ریکارڈ کیے گئے۔
جیکلین فرنینڈز نے اپنے بیان میں بتایا کہ ’انہیں گوچی، چینل کے تین ڈیزائنر بیگز، گوچی کے دو ملبوسات، لوئس ویٹن کے جوتے، ہیرے کی بالیاں اور مختلف رنگوں کے پتھروں سے بنی بریسلیٹ، دو ہرمیس بریسلیٹ جبکہ ایک منی کوپر بھی دی گئی جو انہوں نے لوٹا دی۔
انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے مطابق جیکلین فرنینڈز نے یہ انکشاف بھی کیا کہ ’سکیش چندرشیکھر نے کئی مواقع پر ان کے لیے نجی جیٹ طیاروں پر سفر کا بھی انتظام کیا جو ہوٹل میں قیام کے علاوہ تھا۔‘

شیئر: