’کیا؟ سب بکواس‘، شادی کے سوال پر راکل پریت سنگھ کا جواب
رواں ماہ راکل پریت سنگھ کی فلم تھینک گاڈ ریلیز ہو رہی ہے جو ان کی پانچویں فلم ہوگی (فائل فوٹو: اے ایف پی)
بالی وڈ کی اداکارہ راکل پریت سنگھ نے اپنے بوائے فرینڈ جیکی بھگنانی سے شادی کے بارے میں اٹھنے والی افواہوں کو بکواس کہہ دیا۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق راکل پریت سنگھ اور ان کے بوائے فرینڈ جیکی بھگنانی ایک ساتھ ممبئی میں دیوالی کی پارٹی میں دیکھے گئے۔
اسی سلسلے میں جب فوٹوگرافرز کی جانب سے ان سے شادی کے بارے میں سوال کیا گیا کہ ’سب کو پتا چل گیا ہے۔‘
اس کے جواب میں راکل پریت سنگھ نے کہا کہ ’کیا؟ سب بکواس۔‘
دیوالی کی پارٹی سے پہلے تصاویر بناتے وقت راکل پریت سنگھ اور جیکی بھگنانی کافی خوش گوار موڈ میں دکھائی دیے اور اس سوال کے جواب کے بعد بھی دونوں مسکراتے ہوئے نظر آئے۔
جیکی بھگنانی اور راکل پریت سنگھ نے رواں سال کے آغاز میں ایک دوسرے کو ڈیٹ کرنے کی تصدیق کی تھی جس کے بعد یہ جوڑا اکثر اکٹھا نظر آتا ہے۔
اس سے پہلے میڈیا میں یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ راکل پریت سنگھ اور جیکی بھگنانی 2023 میں شادی کرنے والے ہیں تاہم راکل پریت سنگھ کے اس جواب کے بعد یہ بات سچ ہوتی دکھائی نہیں دے رہی۔
راکل پریت سنگھ بالی وُڈ سپر سٹار اجے دیوگن اور سدھارتھ ملہوترا کے ساتھ 25 اکتوبر کو ریلیز ہونے والی اپنی نئی فلم ’تھینک گاڈ‘ میں نظر آنے والی ہیں۔
تھینک گاڈ 2022 میں راکل پریت سنگھ کی ریلیز ہونے والی پانچویں فلم ہوگی۔
اس سے پہلے 2022 میں راکل پریت سنگھ کی چار فلمیں رن وے 34، کٹھ پُتلی، اٹیک پارٹ ون اور ڈاکٹر جی ریلیز ہو چکی ہیں۔