سعودی سیکیورٹی ادارے حرمین شریفین کی سلامتی اور دفاع کے اہل ہیں
مسجد نبویؐ میں گزشتہ سال خود کش حملہ کرنے کی کوشش کرنے والے مجرموں اور نیٹ ورک کی گرفتاری قابل تحسین ہے، عالمی فکری اتحاد کی کوشش ہورہی ہے، حافظ طاہر اشرفی
ملتان(پ ر ) پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجدپاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ سعودی عرب کےسیکیورٹی اداروں کی طرف سے مسجد نبویؐ میں گزشتہ سال خود کش حملہ کرنے کی کوشش کرنے والے مجرموں اور نیٹ ورک کی گرفتاری قابل تحسین ہے۔انہوں نے کہا کہ انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف عالمی اسلامی عسکری اتحاد کے ساتھ ساتھ عالمی فکری اتحاد کے قیام کی طرف پیش رفت ہو رہی ہے۔ رمضان المبارک کے بعد عالمی اسلامی فکری اتحاد معرض وجود میںآ جائے گا۔ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ سعودی سیکیورٹی اداروں نے گزشتہ سال مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ پر حملے کی کوششوں کو ناکام بنا کر ثابت کیا ہے کہ وہ ہی ارض حرمین شریفین کی سلامتی ، استحکام اور دفاع کے اہل ہیں۔حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ ڈان لیکس کی تحقیقاتی کمیٹی کی مکمل سفارشات منظر عام پر لائی جائیں ۔ ملکی اور عالمی حالات تقاضہ کرتے ہیں کہ محاذآرائی سے ہر صورت بچا جائے اور پاکستان دشمن قوتوں کو ناکام بنانے کیلئے متحد ہو کر استحکام پاکستان کیلئے جدوجہد کی جائے۔ جمہوری نظام کی کامیابی کیلئے ضروری ہے کہ سیاسی اور مذہبی قائدین جمہوری رویہ اپنائیں ۔ وزیر اعظم ملک کے حالات کے پیش نظر فوری طور پر آل پارٹیز کانفرنس بلائیں۔ ہندوستان اور افغانستان کے خفیہ اداروں کی سازشوں کو دنیا کے سامنے بے نقاب کیا جائے ۔ یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے ملتان پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ اس موقع پر علامہ عبد الحق مجاہد ، مولانا محمد ایوب صفدر ، مولانا انوار الحق مجاہد ، چوہدری شبیر یوسف گجر ، مولانا محمد یعقوب شیخ ، پروفیسر عبد الماجد وٹو ، قاری محمد عمر عثمان مدنی ، رانا قاری محمد صفدر ، رانا محمد زاہد ، قاری محمد طاہر حنیف ملتانی مولانا خالد محمود ضیاء ، علامہ خالد محمود ندیم ، قاری محمد طاہر امین ، علامہ عطاء اللہ قادری بھی موجود تھے۔ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی اور استحکام کے خلاف کسی بھی سازش کے خلاف پوری قوم متحد ہے ۔ ڈان لیکس کے معاملہ پر جو بد مزگی پیدا ہوئی اس کے حل کیلئے فوری طور پر وزیر اعظم کو خود کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی فوج بھی پاکستانی قوم کا حصہ ہے ،فوج کے جوانوں کے جذبات اور احساسات کا خیال رکھنا سیاسی اور مذہبی قائدین کی ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل ملک بھر میں انتہا پسندی ، دہشت گردی کے خلاف جدوجہد کر رہی ہے اور رمضان المبارک میں ملک بھر میں افطار صائم پروگرام شروع کئے جائیں گے۔ حجاج و زائرین کی سہولت کیلئے عربی زبان کے مختصر دورانیہ کے پروگرام بھی شروع کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ 3 مئی کو اسلام آباد میں استحکام پاکستان کانفرنس ہو گی ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر ملک کے سلامتی کے اداروں اور پاک فوج کے خلاف چلنے والی مہم کا فوری طور پر وزیر داخلہ نوٹس لیں اور اس مہم کو چلانے والوں کو گرفتار کیا جائے اور منظر عام پر لایا جائے۔