یوم مزدوراں میں ہم وطن مزدوروں کو بھی یاد رکھا جائے، شوکت ستی
وطن واپس جانے والے مزدوروں کے واجبات کی ادائیگی تیز کی جائے
الخبر(بشیر احمد بھٹی)یومِ مزدوراں پر شکاگو کے مزدوروں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے ہم وطن مزدور بھائیوں کو نہ بھولیں جو اب تک سعودی عرب کے مختلف کیمپوں میں وطن عزیز واپس جانے کے منتظر ہیں۔ ان خیالات کا اظہار سعد کیمپ میں موجود مزدوروں کے رابطہ کار شوکت علی ستی نے کیا۔ انہوں نے حکومت پاکستان ، پاکستانی سفارتخانے کے کمیونٹی ویلفیئر اتاشی عبدالشکور شیخ ، محمود لطیف اور عبدالکریم کا شکریہ ادا کیا ۔ ان کی بہترین کاوشوںسے مزدوروں کی واپسی ممکن ہو سکی۔انہوں نے کہا کہ مقامی حکومتی اداروں اور عدالتی معاملات میں رانا صغیر احمد اور راجہ عمران کی ہمہ وقت معاونت کے بھی شکر گزار ہیں۔ ہم پر زور اپیل کرتے ہیں کہ وطن عزیز واپس جانے والوں کے واجبات اور ان کے خاندانوں کو امدادی رقوم کی ادائیگی کا عمل تیز تر کرنے کی ضرورت ہے۔ کیمپوں میں باقی رہ جانے والے پاکستانیوں کی داد رسی کی جائے۔ ٹکٹوں کابھی بندوبست کیا جائے تاکہ وہ جلد از جلد اپنے گھروں کو لوٹ سکیں۔