رائل کمیش آف العلا کا برطانوی کمپنی سے معاہدہ
معاہدے میں العلا کے ماسٹر پلان پر عمل درآمد کے لیے تعاون شامل ہے( فوٹو عرب نیوز)
رائل کمیش آف العلا نے العلا میں بنیادی ڈھانچے اور مشاورتی خدمات فراہم کرنے کے لیے برطانوی کمپنی سرکو کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق رائل کمیشن آف العلا کے آپریشنز سیکٹر کے سربراہ معتز کردی نے کہا کہ اس معاہدے میں بنیادی ڈھانچے کی خدمات کی حکمت عملی کے ڈیزائن اور اس پر عمل درآمد کے ساتھ ساتھ اس کے ماسٹر پلان پر عمل درآمد کے لیے تعاون شامل ہے۔
برطانوی کمپنی سرکو ایک منصوبہ بھی فراہم کرے گی جو العلا گورنریٹ میں آپریشزکی بنیاد بناتا ہے۔
معتز کردی نے کہا کہ اس معاہدے سے آپریشنز اور سہولیات کے معیار کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی جو العلا کے قدرتی ماحول اور اس کے تاریخی مقامات سے ہم آہنگ ہو اور ساتھ ہی کمیشن کا مقصد وژن 2030 کے مقاصد کے مطابق جامع پائیدار ترقی حاصل کرنا ہے۔
سرکو مڈل ایسٹ کے سی ای او فل مالم نے کہا کہ وہ سٹریٹجک اور آپریشنل خدمات فراہم کرکےکمیشن کو اپنے مقاصد حاصل کرنے میں مدد کرنے کے منتظر ہیں جو العلا کے وژن میں حصہ ڈالیں گی۔
کمیشن نے متعدد پروگراموں اور انیشیٹوز کے نفاذ کے ذریعے اپنے کام کے لیے ایک پائیدار نقطہ نظر اپنایا ہے۔
ان میں اپریل 2021 میں شروع کی گئی ایک سکیم اے جرنی تھرو ٹائم شامل ہے جس کا مقصد العلا کو ثقافت، قدرتی ورثے اور ماحولیاتی سیاحت کے لیے ایک عالمی منزل کے طور فروغ دینا ہے۔