Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہی فرامین جاری، جامعہ جدہ کے وائس چانسلر عہدے سے فارغ

شاہ سلمان بن عبدالعزیزنے شہزادہ فہد بن محمد بن سعد کو الخرج کا کمشنرمقررکیا(فوٹو، ٹوئٹر)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز نے غبن، منی لانڈرنگ، جعلسازی  اور نجی مفادات کے لیے اثر و نفوذ کے ناجائز استعمال  پر کنگ عبدالعزیز یونیورسٹی جدہ کے وائس چانسلر کو   سبکدوش کردیا۔  
سعودی خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق جمعرات کو جاری ہونے والے شاہی فرامین میں کہا گیا ہے کہ  ڈاکٹر عبدالرحمن بن عبید الیوبی کو شاہ عبدالعزیز یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے عہدے سے سبکدوش کردیا گیا۔
سبکدوشی کی سفارش کنٹرول اینڈ اینٹی کرپشن اتھارٹی نے کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ ڈاکٹر الیوبی جعلسازی، منی لانڈرنگ اور کنگ عبدالعزیز یونیورسٹی کے خزانے سے غبن نیز ذاتی مفاد کے لیے اثر و نفوذ کا ناجائز فائدہ اٹھا رہے تھے۔ 
شاہی فرمان میں تاکید کی گئی ہے کہ  کنٹرول اینڈ اینٹی کرپشن اتھارٹی ڈاکٹر الیوبی کے حوالے سے قانونی کارروائی منطقی انجام تک پہنچائے گی۔ 
خادم حرمین شریفین نے جمعرات کو جو شاہی فرامین جاری کیے ان میں مزید کہا گیا ہے کہ کنٹرول اینڈ اینٹی کرپشن اتھارٹی کو الیوبی کے حوالے سے ضروری قانونی  کارروائی کرے۔ 
تیسرے فرمان کے تحت مذکورہ احکام پر متعلقہ اداروں کو عمل درآمد کی ہدایت کی گئی۔ 
شاہ سلمان نے ایک اور فرمان جاری کرکے ڈاکٹر ھشام بن عبدالرحمن بن عبداللہ آل الشیخ کو ہیومن رائٹس کمیشن کا معاون سربراہ مقرر کردیا جبکہ ایک اور فرمان کے ذریعے متعلقہ اداروں کو اس پر عمل  درآمد کی ہدایت دی گئی۔ 
خادم حرمین شریفین  نے شہزادہ فہد بن محمد بن سعد بن عبدالعزیز کو الخرج کا کمشنر مقرر کردیا اور دوسرے شاہی فرمان کے  ذریعے متعلقہ اداروں کو اس حوالے  سے جاری کردہ شاہی فرمان پر عمل درآمد کی ہدایت دے دی۔ 
 

شیئر: