شاہ سلمان 31 دسمبر 1935 کو پیدا ہوئے۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی عرب میں آج خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی اقتدار نشینی کی 8ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے۔ شاہ سلمان تیسری سعودی ریاست کے 7ویں فرمانروا ہیں۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق سعودی عوام نے آج سے آٹھ برس قبل 23 جنوری 2015 کو شاہ سلمان سے مملکت کے حکمراں کی حیثیت سے تابعداری اور وفاداری کی بیعت کی تھی۔
وہ اس سے قبل 57 برس تک ریاض کے گورنر کی حیثیت سے کام کر چکے تھے۔ بیعت سے قبل ولی عہد اور وزیر دفاع کے عہدوں پر فائز تھے۔
8ویں یوم بیعت (اقتدار نشینی) کے موقع پر سعودی عرب کے تمام طبقوں اور ریاستی اداروں نیز زندگی کے جملہ شعبوں کے قائدین اور عوام الناس کی جانب سے شاہ سلمان کے ساتھ وفاداری اور تابعداری کی تجدید کی جا رہی ہے۔
برادر اور دوست ممالک کے رہنماؤں نے شاہ سلمان کو اقتدار نشینی کی 8ویں سالگرہ کی مبارکباد دینے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔
بحرینی فرمانروا شاہ حمد بن عیسی آل خلیفہ نے مبارکباد دیتے ہوئے آرزو ظاہر کی کہ اللہ تعالی آپ کو مکمل صحت و عافیت، خوشی و مسرت اور لمبی عمر سے نوازے تاکہ آپ ملک و قوم اور ملت کی صلاح و فلاح کا مشن جاری رکھے۔
شاہ بحرین نے اس موقع پر عربوں اور امت مسلمہ کے حوالے سے سعودی عرب کی عظیم الشان خدمات کا بھی تذکرہ کیا۔
انہوں نے مختلف شعبوں میں مملکت میں ہونے والی تعمیراتی و ترقیاتی کامیابیوں پر پسندیدگی کا اظہار کیا۔ انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ بحرین اور سعودی عرب کے برادر عوام کے درمیان محبت و اخوت کے رشتے مستقبل میں مزید گہرے ہوں اور دونوں ملک و ان کے عوام ایک دوسرے کے کندھے سے کندھا ملا کر تعمیر و ترقی کا سفر جاری رکھیں۔
سعودی میڈیا 8ویں اقتدار نشینی کے موقع پر خصوصی پروگرام کر رہا ہے۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی میڈیا 8ویں اقتدار نشینی کے موقع پر خصوصی پروگرام کر رہا ہے۔ اس حوالے سے ریڈیو اور ٹی وی چینل خصوصاً ایف ایم سے خاص پروگرام کیے جا رہے ہیں جس میں ملک و قوم، عربوں اور مسلمانوں کے لیے ان کی خدمات کو اجاگر کیا جا رہا ہے۔
ریڈیو اور ٹی وی سٹیشنوں سے اس مناسبت سے بہت سارے نئے گانے پیش کیے جا رہے ہیں۔ جن کی صدائے بازگشت ہر طرف سنی جا رہی ہے۔ بعض گانوں کے بول (تاج الوطن سلمان الشھامہ، سیدی سلمان، سلمان یا حبیب القلوب اور عاش سلمان) ہیں ان کے معنی (شاہ سلمان آپ وطن عزیز کا تاج ہیں، ہمارے آقا سلمان، ہر دل کا پیار سلمان اور سلمان زندہ باد) ہیں۔
سوشل میڈیا بھی اقتدار نشینی کی 8ویں سالگرہ اپنے انداز سے منا رہا ہے۔ اس مناسبت سے سوشل میڈیا پر شاہ سلمان کے ساتھ خوبصورت ترین تصاویر شیئر کی جا رہی ہیں۔
سوشل میڈیا پر محبوب رہنما شاہ سلمان کے ساتھ وفاداری اور انتساب کا اظہار خوبصورت ادبی جملوں میں کیا جا رہا ہے۔