Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ سلمان کو اقتدار نشینی کی ساتویں سالگرہ پر بحرینی قیادت اور امیر کویت کی مبارکباد

 شاہ سلمان نے 23 جنوری 2015 کو اقتدار سنبھالا تھا۔(فوٹو ایس پی اے)
بحرین کے فرمانروا  اور امیر کویت  نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو اقتدار نشینی کی ساتویں سالگرہ پر مبارکباد دی ہے۔
 شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے 3 ربیع الثانی 1436ھ مطابق 23 جنوری 2015 کو اقتدار سنبھالا تھا۔
اس سے قبل وہ ڈھائی برس تک ولی عہد کی حیثیت سے اقتدار کے فرائض انجام دے رہے تھے۔ انہیں 18جون 2012 کو ولی عہد مقرر کیا گیا تھا۔
شاہ بحرین نے اپنے پیغام میں اس خواہش کا اظہار کیا کہ ’شاہ سلمان صحت وعافیت اور درازی عمر کے ساتھ سعودی عرب اور اس کے عوام کی مزید ترقی و خوشحالی کے لیے کارنامے انجام دیتے رہیں‘۔ 
بحرین کے فرمانروا  شاہ حمد بن عیسی آل خلیفہ نے اس موقع پر سعودی عرب اور بحرین اور دونوں ملکوں کے برادر عوام کے درمیان برادرانہ تاریخی تعلقات اور ان میں مسلسل بہتری پر دلی مسرت کا اظہار کیا۔ 
بحرینی ولی عہد شہزادہ سلمان بن حمد آل خلیفہ نے بھی شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو اقتدار نشینی کی ساتویں سالگرہ کی مبارکباد دی ہے۔
علاوہ ازیں امیرکویت شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح نے بھی شاہ سلمان کو اقتدار نشینی کی ساتویں سالگرہ پر مبارکباد دی ہے۔
انہوں نے سعودی عرب اور کویت کے مضبوط ، تاریخی اور برادرانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ 
ایس پی اے کے مطابق امیر کویت نے سعودی عرب کے  مختلف شعبوں میں ترقیاتی کارناموں پر شاہ سلمان کو خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی شاہ سلمان کو پائدار صحت و عافیت عطا کرے اور وہ سعودی عرب کی تعمیرو ترقی کی قیادت کرتے رہیں۔ امت مسلمہ اور عربوں کے مسائل حل کراتے رہیں۔ مملکت اور اس کے عوام شاہ سلمان کی قیادت میں مزید ترقی اور خوشحالی کا سفر طے کرتے رہیں۔ 
کویتی ولی عہد شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح نے بھی شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو اقتدار نشینی کی ساتویں سالگرہ کی مبارکباد دی ہے۔ 

شیئر: