خاتون رپورٹر کی ہلاکت: پنجاب حکومت کا فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی بنانے کا فیصلہ
مرین اورنگزیب کے مطابق کے مطابق مرحومہ کے شوہر سے لکھوایا گیا کہ وہ مزید کارروائی نہیں چاہتے (فوٹو: اے ایف پی)
پنجاب حکومت نے نجی ٹی وی چینل کی خاتون رپورٹر صدف نعیم کی ہلاکت کے واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
کمیٹی میں متعلقہ محکموں کے افسر شامل ہوں گے اور وہ اپنی رپورٹ جلد پیش کریں گے۔
اس بات کا فیصلہ کابینہ کی قائمہ کمیٹی برائے لا اینڈ آرڈر (ایس سی سی ایل او) کے سول سیکرٹریٹ میں ہونے والے اجلاس میں کیا گیا۔
صوبائی وزیر پارلیمانی امور محمد بشارت راجہ نے راولپنڈی سے بذریعہ ویڈیو لنک صدارت کی۔ چیف سیکرٹری پنجاب عبداللہ خان سنبل، آئی جی پولیس فیصل شاہکار اور متعلقہ افسران بھی شریک ہوئے۔
چیئرمین کمیٹی محمد بشارت راجہ نے ہدایت کی کہ آئندہ ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی طرف سے پہلے ہی امدادی پیکیج کا اعلان کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا نے اس واقعے پر مثبت کردار ادا کیا جو قابل تعریف ہے۔
اس موقع پر چیف سیکرٹری عبداللہ خان سنبل نے کہا کہ حکومت پنجاب سوگوار فیملی کے ساتھ رابطے میں ہے۔ کمیٹی کا نوٹیفکیشن جلد کر دیا جائے گا۔ کابینہ کمیٹی کے اجلاس میں لانگ مارچ کی سکیورٹی کا تفصیلی جائزہ بھی لیا گیا۔
دوسری جانب لانگ وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی اطلاعات کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لانگ مارچ میں کنٹینر تلے آ کر ہلاک ہونے والی رپورٹر صدف نعیم واقعہ سے متعلق کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ واقعے کی میرٹ پر تفتیش ہوگی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ وزیرقانون پنجاب نے تھانے میں جاکر راضی نامے پر انگوٹھے لگوائے۔
ان کے مطابق مرحومہ کے شوہر سے لکھوایا گیا کہ وہ مزید کارروائی نہیں چاہتے۔