Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات کی جانب سے پاکستانی سیلاب زدگان کے لیے مزید امدادی سامان حوالے

200 کنٹینرز کراچی پہنچے ہیں، پانچ لاکھ پاکستانی خاندانوں کو فائدہ پہنچے گا( فوٹو وام)
متحدہ عرب امارات نے پاکستان میں سیلاب زدگان کے لیے مزید امدادی سامان حکام کے حوالے کیا ہے۔
 کھانے پینےکے سامان اور میڈیسن کے 200 کنٹینرز کراچی پہنچے ہیں۔ ا س سے پانچ لاکھ پاکستانی خاندانوں کو فائدہ پہنچے گا۔ 
امدادی سامان حوالے کرنے کی تقریب میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو اور کراچی میں اماراتی قونصل جنرل بخیت عتیق الرمیثی موجود تھے۔
الامارات الیوم کے مطابق پاکستان میں متعین اماراتی سفیر حمد الزعابی نے استقبالیہ تقریب سے خطاب میں کہاکہ ’امارات نے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان کی ہدایت پر دوست ملک پاکستان کو ہنگامی بنیادوں پر انسانی امداد فراہم ہے۔
’امارات متاثرین کی مدد کے لیے فیلڈ میں کام کرنے والے اولین ملکوں میں سے ایک ہے۔ امدادی سامان سے لدے 62 طیارے پاکستان بھیجے ہیں۔‘
حمد الزعابی نے کہاکہ ’متاثرین کی مشکلات کم کرنے میں حصہ لینا اور انسانی وقار کا خیال رکھنا امارات کی پالیسی ہے۔ اسلام آباد میں امارات کے سفارتخانے اور کراچی میں قونصلیٹ نے متعلقہ حکام کے تعاون سیلاب متاثرین کی مدد کےلیے جامع حکمت عملی اور لائحہ عمل تیار کیا تھا‘۔

سندھ کے 17 اور بلوچستان کے دس متاثرہ علاقوں میں امداد پہنچائی گئی ہے( فوٹو وام)

انہوں نے کہا کہ ’سندھ کے 17 اور بلوچستان کے دس متاثرہ علاقوں میں ہزاروں خاندانوں کو ہماری فیلڈ ٹیموں نےبروقت مدد فراہم کی ہے‘۔ 
پاکستانی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زررداری نے مشکل حالات میں اہل پاکستان کی مدد پر متحدہ عرب امارات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ’ 35 ملین افراد سیلاب سے متاثر ہیں‘۔
 انہوں نے کہا کہ ’امارات نے آزمائش کے ہر موقع پر ہمارا ساتھ دیا۔ دونوں ملکوں کے تعلقات گہرے اور تاریخی ہیں اور اس کی بنیاد  شیخ زاید بن سلطان آل نہیان نے رکھی تھی۔ ٹھوس بنیادوں پر دونوں ملک مختلف شعببوں میں سٹراٹیجک شراکت کے استحکام کے لیے کوشاں ہیں۔‘ 

شیئر: