عمران خان پر قاتلانہ حملہ، سعودی عرب کی مذمت
جمعرات 3 نومبر 2022 19:26
سعودی عرب نے پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان پر قاتلانہ حملے کی کوشش پر شدید مذمت اور برہمی کا اظہار کردیا۔
سعودی خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق سعودی دفتر خارجہ کی جانب سےجمعرات کو جاری بیان میں کہا کہ سعودی عرب پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان پر قاتلانہ حملے کی کوشش کی سخت الفاظ میں مذمت اور شدید ناگواری کا اظہار کرتا ہے۔
دفترخارجہ نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ مملکت، پاکستان کے امن و استحکام اور اس کے ترقیاتی عمل کو مخدوش کرنے والی ہر سرگرمی کے خلاف پاکستان اور اس کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔
دفتر خارجہ نے توجہ دلائی کہ مملکت ہر طرح کے تشدد، انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کی جانے والی کوششوں کے ساتھ ہے۔ مملکت کی آرزو ہے کہ پاکستان اور اس کے برادر عوام امن و استحکام اور ترقی و خوشحالی سے مالا مال ہوں اور رہیں۔