مکہ مکرمہ مسجد الحرام میں رمضان کے دوران سعودی گرلز سکاؤٹس بھی زائرین کی خدمت کےلیے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
سبق نیوز کے مطابق سعودی سکاؤٹس ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام مکہ ریجن میں جنرل ایڈمنسٹریشن آف ایجوکیشن کے تعاون سے رمضان کیمپ کے تحت گرلز سکاؤٹس رضاکارانہ کام کررہی ہیں۔

گرلز سکاؤٹس راستہ بھول جانے والوں کی رہنمائی ، معمر اور خصوصی افراد کی مدد، کراوڈ منیجمنٹ، احتیاطی تدابیر سے آگاہی اور صحت مراکز میں زائرین کو منظم کرنے میں مدد کر رہی ہیں۔
ایک سکاؤٹس شھد طرابلسی کا کہنا ہے ’جب عمرہ زائرین اور نمازیوں کی آنکھوں میں شکر گزاری کی جھلک دیکھتی ہوں تو احساس ہوتا ہے کہ ہماری اس کوشش کےکیا معنی ہیں۔ یہ صرف رضاکارانہ کام نہیں بلکہ ایک انسانی پیغام ہے۔

اسیل القصیمی نے اس تجربے کو اپنی زندگی کا ایک ٹرننگ پوائنٹ قرار دیا اور کہا یہ سیکھا کہ آپ کا کردار دوسروں کے دلوں پر ایک اچھا تاثر چھوڑتا ہے۔
سکاؤٹ خاتون ھند غازی نے بتایا ’ ٹیم ورک ہی کامیابی کا راز ہے جو عمرہ زائرین کو بہترین خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔ یہاں کا ہر لمحہ مجھے عزم اور نظم و ضبط کے معنی سکھاتا ہے۔ ہم انفرادی طور پر کام نہیں کرتے بلکہ ایک ٹیم کے طور پر ہمارا مقصد زائرین کو آرام و سکون کے ساتھ عبادت کا ماحول فراہم کرنا ہے‘۔

یہ رضاکارانہ خدمات مملکت کے وژن 2030 کے ذریعے فروغ دی جانے والی اقدار کی عکاسی کرتی ہیں جو خواتین کو بااختیار بنانے اور رضاکارانہ کلچر کو فروغ دینے کی کوشش ہے۔
مسجد الحرام میں گرلز سکاؤٹس نہ صرف زائرین کی مدد کرتی ہیں بلکہ یہ سعودی خواتین کےلیے بھی ایک رول ماڈل ہیں۔
رمضان المبارک کی ہر رات کی آمد کے ساتھ ہی سعودی گرلز سکاوٹس ایک عزم اور حوصلے کے ساتھ زائرین حرم کی خدمت میں مشغول ہوجاتی ہیں اس یقین کے ساتھ کہ یہ صرف ایک رضاکارانہ کام نہیں بلکہ یہ ایک انسانی خدمت کا پیغام ہے ۔