Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پوسٹ مارٹم رپورٹ کی عدم فراہمی، ارشد شریف کی والدہ کا عدالت سے رجوع 

ارشد شریف کی والدہ نے پوسٹ مارٹم رپورٹ میں تبدیلی کا بھی خدشہ ظاہر کیا ہے۔ فائل فوٹو
اینکر ارشد شریف کی پوسٹ مارٹم رپورٹ فراہم نہ کرنے پر والدہ نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔ 
ارشد شریف کی والدہ عدالت میں پٹیشن دائر کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتال انتظامیہ اور پولیس سے بار بار رابطہ کرنے کے باوجود پوسٹ مارٹم رپورٹ فراہم نہیں کی جارہی ہے۔ 
انہوں نے پوسٹ مارٹم رپورٹ میں تبدیلی کا بھی خدشہ ظاہر کر دیا ہے۔ 
ارشد شریف کی والدہ رفعت آرا کی جانب سے دائر درخواست میں وزارت داخلہ، پمز انتظامیہ ریاست پاکستان کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں انہوں نے موقف اپنایا کہ بار بار رابطہ کرنے کے باوجود پوسٹ مارٹم رپورٹ فراہم نہیں کی جا رہی ہے۔ ’پولیس سے رابطہ کرنے پر تذلیل کی جا رہی ہے جبکہ خدشہ ہے کہ رپورٹ میں تبدیلی کی جا سکتی ہے۔‘
انہوں نے استدعا کی کہ فیملی ممبر کو سارے عمل میں شامل کیا جائے، فوری طور پر رپورٹ فراہم کی جائے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ سے درخواست فوری طور پر سننے کی بھی استدعا کی ہے۔ 
درخواست میں کہا گیا ہے کہ تین نومبر کو ارشد شریف کی فیملی کے فوکل پرسن نے ہسپتال انتظامیہ سے رپورٹ مانگی۔ ’انتظامیہ نے کہا پوسٹمارٹم رپورٹ ان کے پاس نہیں پولیس کے پاس ہے۔ پولیس کے پاس گئے تو ہسپتال انتظامیہ سے رابطہ کرنے کو کہا گیا۔‘
انہوں نے کہا کہ اس مشکل وقت میں ارشد شریف کے خاندان کی تذلیل کی جا رہی ہے۔ 
واضح رہے کہ پاکستان کے نامور صحافی اور اینکر پرسن ارشد شریف کو کینیا میں قتل کر دیا گیا تھا۔

شیئر: