جدہ : لاکھوں نشہ آورگولیاں اسمگل کرنے کی کوشش ناکام
جدہ : لاکھوں نشہ آورگولیاں اسمگل کرنے کی کوشش ناکام
جمعہ 4 نومبر 2022 15:00
بیرون ملک سے آنے والی شپمنٹ سے 3 لاکھ سے زائد نشہ آورگولیاں برآمد ہوئیں(فوٹو، ٹوئٹر)
سعودی کسٹم اینڈ ٹیکس اتھارٹی نے بڑی مقدار میں نشہ آورگولیاں اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔ منشیات بیرون ملک سے جدہ کی بندرگاہ پرآنے والی شپمنٹ سے برآمد ہوئی۔
عاجل نیوز نے کسٹم اتھارٹی کی جانب سے جاری بیان کے حوالے سے مزید کہا ہے کہ محکمہ کسٹم کے اہلکاروں نے بیرون مملکت سے آنے والی ایک شپمنٹ کی تلاشی لی تو اس سے بڑی مقدار میں نشہ آورگولیاں برآمد ہوئیں۔
کسٹم اتھارٹی کا مزید کہنا تھا کہ برآمد ہونے والی نشہ آورگولیوں کی تعداد 3 لاکھ 25 ہزار سے زائد ہے ۔ نشہ آورگولیوں کو انتہائی مہارت سے لکڑی کے خصوصی بکسوں میں چھپایا گیا تھا۔ منشیات میں استعمال ہونے والے بکس بھی خصوصی طریقے سے ڈیزائن کیے گئے۔
کسٹم حکام کا کہنا تھا کہ اگرچہ اسمگلرز نے انتہائی مہارت سے نشہ آورگولیوں کو چھپایا تھا تاہم اہلکاروں کی اعلی تربیت اورپیشہ ورانہ مہارت کی وجہ سے منشیات اسمگلنگ کی کوشش کو ناکام بنایا گیا۔