Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کی سیمی فائنل میں پہنچنے کی راہ ہموار، نیدرلینڈز نے جنوبی افریقہ کو ہرا دیا

کولن ایکرمین کو ان کی عمدہ اننگز کی بدولت مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کے ایک اہم میچ میں نیدرلینڈز نے جنوبی افریقہ کو 13 رنز سے شکست دے کر اس کی سیمی فائنل تک رسائی مشکل بنا دی ہے۔
پاکستان کی بنگلہ دیش سے جیت کی صورت میں جنوبی افریقہ ٹورنامنٹ سے باہر ہو جائے گا۔
اتوار کو ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے فیڈلنگ کا فیصلہ کیا۔ نیدرلینڈز کے بیٹرز نے جنوبی افریقہ کے مضبوط پیس اٹیک کے سامنے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 20 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔
نیدرلینڈز کی جانب سے کولن ایکرمین نے تین چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 41 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔ ان کے علاوہ سٹیفن میبرگ 37 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے کیشو مہاراج نے تین وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں جنوبی افریقہ کی بیٹنگ لائن بالکل ناکام رہی اور وہ 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر صرف 145 رنز ہی بنا سکی۔ رائلی روسو 25 اور ہینرچ کلاسن 21 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
نیدرلینڈ کی جانب سے برینڈن گلور نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے دو اوورز میں نو رنز دے کر تین قیمتی وکٹیں حاصل کیں۔ ان کے علاوہ فریڈ کلاسن نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
کولن ایکرمین کو ان کی عمدہ اننگز کی بدولت مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا ہے۔

شیئر: