Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹی20 ورلڈ کپ: آسٹریلیا سے شکست کے بعد افغان کپتان محمد نبی مستعفی

محمد نبی کے مطابق میچز کا نتیجہ توقع کے مطابق نہیں تھا۔ فوٹو: اے ایف پی
ٹی20 ورلڈ کپ میں آسٹریلیا سے شکست کے بعد افغانستان کی قومی کرکٹ ٹیم کے سٹار کھلاڑی محمد نبی نے بطور کپتان مستعفی ہونے کا اعلان کیا ہے۔
جمعے کو ایڈیلیڈ میں سپر 12 مرحلے کے 26 ویں میچ میں آسٹریلیا سے چار رنز کی شکست کے بعد محمد نبی نے ٹویٹ کیا کہ وہ استعفیٰ دے رہے ہیں۔
ٹویٹ میں محمد نبی نے کہا ’ہمارا ٹی20 ورلڈ کپ کا سفر ایسے نتائج کے ساتھ اپنے اختتام کو پہنچا ہے جس کی نہ ہمیں اور نہ ہی ہمارے حامیوں کو امید تھی۔ آپ کی طرح ہم بھی میچز کے نتیجے سے مایوس ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ کپتانی کے عہدے سے وہ فوری طور پر مستعفی ہو رہے ہیں اور اپنے ملک کے لیے کھیلتے رہیں گے جب بھی انتظامیہ اور ٹیم کو ان کی ضرورت ہوگی۔
ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان کی ٹیم 168 رنز کے تعاقب میں 7 وکٹوں پر 164 رنز بنا سکی۔
افغان بیٹسمین راشد خان نے 23 گیندوں پر 48 رنز بنائے اور اپنی ٹیم کو جتوانے کی بھرپور کوشش کی تاہم کامیاب نہ ہو سکے۔
ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کے 35 میچز میں محمد نبی ٹیم کی کپتانی کر چکے ہیں جن میں سے افغانستان نے 16 میچز جیتے۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے حالیہ میچز میں محمد نبی نے ٹیم کو سپر 12 کے مرحلے تک پہنچایا تاہم آئر لینڈ اور نیوزی لینڈ کے خلاف میچ بارش کے باعث بغیر کسی نتیجے کے منسوخ ہوا۔
آسٹریلیا سے شکست کے ساتھ ہی افغانستان کی ٹیم کے لیے ایونٹ کا سفر اختتام پذیر ہو گیا ہے۔

شیئر: