ٹی20 ورلڈ کپ، آئرلینڈ کے جوش لٹل کی نیوزی لینڈ کے خلاف ہیٹ ٹرک
لٹل نے کین ولیمسن کو کیچ آؤٹ کرایا جبکہ باقی دونوں بیٹرز کو ایل بی ڈبلیو کرایا۔ فوٹو: اے ایف پی
ٹی20 ورلڈ کپ کے سُپر 12 مرحلے کے گروپ اے کے ایک میچ میں نیوزی لینڈ نے آئرلینڈ کو 35 رنز سے شکست دے دی ہے۔
آسٹریلیا میں جاری ٹی20 ورلڈ کپ میں پہلی ہیٹ ٹرک کا اعزاز آئرلینڈ کے جوش لٹل نے حاصل کر لیا ہے۔
جمعے کو نیوزی لینڈ کے خلاف میچ کے 19 ویں اوور میں جوش لٹل نے تین گیندوں پر کین ولیمسن، جیمز نیشم اور مچل سانٹنر کو آؤٹ کیا۔
لٹل نے کین ولیمسن کو کیچ آؤٹ کرایا جبکہ باقی دونوں بیٹرز کو ایل بی ڈبلیو کرا کے پویلین کی راہ دکھائی۔
ایڈیلیڈ میں پہلے کھیلتے ہوئے نیوزی لینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 185 رنز سکور کیے اور آئرلینڈ کو میچ جیتنے کے لیے 186 رنز کا ہدف دیا تھا۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم نے اپنے پہلے میچ میں روایتی حریف آسٹریلیا کو شکست دی تھی۔
آئرلینڈ کی ٹیم نے ویسٹ انڈیز کو ہرا کر ٹی20 ورلڈ کپ کے سُپر 12 مرحلے تک رسائی حاصل کی تھی۔
سُپر 12 مرحلے میں آئر لینڈ کی ٹیم اپنا پہلا میچ سری لنکا سے ہار گئی تھی جبکہ دوسرا میچ انگلینڈ کے خلاف بارش کے بعد ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت جیت لیا تھا۔
افغانستان کے ساتھ آئرلینڈ کا میچ بارش کے باعث نہیں ہو سکا تھا۔