Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’دل، دل نیدرلینڈز،‘ پاکستان کی سیمی فائنل میں ’انڈر ٹیکر‘ والی انٹری

پاکستان کے علاوہ انڈیا، نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی ٹیمیں بھی سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکی ہیں۔ (فوٹو: پی سی بی)
پاکستانی کرکٹ کے فینز جب ہفتے کی رات سوئے ہوں گے تو انہوں نے شاید سوچا بھی نہ ہوگا کہ اتوار کا سورج اپنے ساتھ ایک معجزہ لے کر آئے گا۔
یہ معجزہ اتوار کی صبح ایڈیلیڈ کے گراؤنڈ میں نظر آیا جب نیدرلینڈز جیسے نسبتاً کمزور ٹیم نے جنوبی افریقہ جیسی بھاری بھر کم ٹیم کو 13 رنز سے شکست دے کر ٹی20 ورلڈ کپ کی سیمی فائنل کی دوڑ سے نہ صرف باہر کردیا بلکہ سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے پاکستان کی راہ بھی ہموار کر دی۔
پاکستان کو صرف بنگلہ دیش کو شکست دینی تھی اور اسے سیمی فائنل تک رسائی مل جانی تھی اور ہوا بھی ایسا ہی۔ پاکستان نے بنگلہ دیش کو پانچ وکٹوں سے شکست دی اور ٹی 20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچ گیا۔
پاکستان ٹیم کی اس ورلڈ کپ میں شروعات اچھی نہ تھی کیونکہ شروع کے دو میچوں میں اسے انڈیا اور زمبابوے کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی اور اس کا ٹورنامنٹ کا آگے کا سفر اگر یا مگر کا شکار تھا۔ یہی وجہ تھی کہ سوشل میڈیا پر بھی پاکستانی کھلاڑی تنقید کی زد میں تھے۔
لیکن اب پاکستان کی سیمی فائنل تک رسائی کے بعد راوی چین ہی چین اور خوشیاں لکھ رہا ہے۔ فینز پاکستان ٹیم کی تعریف تو کر ہی رہے ہیں لیکن ان کی نیڈرلینڈز کی ٹیم سے نئی نئی محبت بھی دیدنی ہے۔
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے ایک ٹویٹ میں پاکستانی ٹیم کو جیت کی مبارکباد دی اور ساتھ ہی نیدرلینڈز کے کھیل کی بھی تعریف کی۔
آسٹریلین صحافی میلنڈا فیرل نے اپنی ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’میں نے ابھی ابھی کسی کو دل، دل نیدرلینڈز گاتے ہوئے سنا۔‘
اگر آپ موسیقی کا شوق نہیں بھی رکھتے تب بھی ایسا بہت مشکل ہے کہ آپ نے گلوکار جنید جمشید کا گانا ’دل، دل پاکستان نہ سنا ہو۔‘
پاکستان کی سیمی فائنل میں ایسی ڈرامائی انٹری ہو اور سوشل میڈیا صارفین میمز کا استعمال نہ کریں ایسا کیسے ممکن ہے؟ اتوار کی صبح بھی کچھ ایسا ہی ہو رہا ہے۔
ایک صارف نے نیدرلینڈز کی جیت کے فوراً بعد ہی پاکستانی ٹیم کو مشہور زمانہ ریسلر انڈر ٹیکر سے ملا دیا۔ ان کے مطابق جیسے انڈر ٹیکر اپنے تابوت سے نکلا کرتے تھے ویسے ہی پاکستان کی ٹی20 ورلڈ کپ میں واپسی ہوئی ہے۔
نیڈرلینڈز کی جیت اتنی غیر متوقع تھی کہ بنگلہ دیش کے خلاف پاکستان کی جیت کے بعد بھی پاکستانی فینز اپنی ٹیم کو چھوڑ کر نیدرلینڈز کے ہی گن گاتے رہے۔
ایک صارف نے لکھا کہ ’ہم پاکستان کو زبردستی سیمی فائنل میں بھیجنے پر نیدرلینڈز کے شکر گزار ہیں۔‘

پاکستان کے علاوہ انڈیا، نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی ٹیمیں بھی سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکی ہیں۔

شیئر: