Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گزشتہ 6 ماہ کے دوران 1628 منشیات کے اسمگلروں کو گرفتار کیا گیا ، منصور الترکی

  ریاض... وزارت داخلہ کے ترجمان بریگیڈیئرجنرل منصور الترکی نے کہا ہے کہ گزشتہ 6 ماہ کے دوران منشیات کی اسمگلنگ سمیت مختلف جرائم میں ملوث 1628 افراد کو گرفتار کیا گیا جن میں 589 سعودی شہری جبکہ 1039 غیر ملکی شامل ہیں ۔ وزارت داخلہ کے ترجمان منصور الترکی نے پریس کانفرنس سے خطاب کر تے ہوئے مزید کہا کہ گرفتار غیر ملکیوں کا تعلق 41 ممالک سے ہے جو منشیات کی اسمگلنگ ، خرید و فروخت اور برین واشنگ کے علاوہ دیگر جرائم میں ملوث تھے ۔ منشیا ت کے اسمگلروں کے خلاف کارروائیوں کے دوران 16 سیکیورٹی اہلکار زخمی جبکہ 5 اسمگلر ہلاک اور 14 زخمی ہوئے۔ الترکی نے اسمگلروں کے قبضے سے برآمد کی جانے والی منشیات کے بارے میں تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ 21 ملین نشہ آور گولیاں ، 19 ٹن چرس ، 12.948 کلو گرام ہیروئن ، 22.938کلو گرام نشہ آور پاوڈر ، ممنوعہ ادویات کی14 لاکھ 27 ہزار 189 گولیاں ، 5ہزار 468 مختلف نوعیت کا اسلحہ اور 14 ہزار راﺅنڈز کے علاوہ اسمگلروں کے قبضے سے 4 کروڑ 38 لاکھ 22 ہزار ریال بھی برآمد ہوئے ۔ بریگیڈئیر منصور الترکی نے مزید کہا کہ مملکت میں سیکیورٹی اہلکار ہر محاذ پر اپنی ذمہ داریاں بخوبی انجام دے رہے ہیں ۔ اس ضمن میں سرحدوں اور مختلف چوکیوں پر مامور اہلکار مستعدی سے اسمگلروں اور دیگر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف چوکنا ہیں ۔ مملکت میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جاتا ہے ۔وزارت داخلہ کی جانب سے اسمگلروں سے برآمد ہونے والی اشیاءکی تصاویر بھی میڈیا کے سامنے پیش کی گئی جن میں اسمگلروں کے طریقے نمایاں تھے جو انہو ںنے اختیار کئے مگر سیکیورٹی اہلکاروں کی نظروں کو دھوکہ نہ دے سکے ۔ اسمگلروں نے کانچ کی پلیٹوں کو اسمگلنگ کے لئے استعمال کیا جس کے لئے انہو ںنے عجیب و غریب طریقہ استعمال کیا ۔ اسمگلروں نے کانچ کی پلیٹ پر نشہ آورگولیو ں کی تہہ لگا کر اس کے اوپر باریک پلاسٹک کے تہہ بچھائی جس سے یہی دکھائی دیتا تھا کہ یہ عام پلیٹ ہے جبکہ نقش و نگار سے مزین پلیٹ میں سیکڑوں گولیاں انتہائی مہارت سے چھپائی گئی تھیں ۔ اسمگلروں نے گھاس کے بنڈل بھی اس مہارت سے اسمگلنگ کےلئے استعمال کئے کہ انہیں دیکھ کر اندازہ نہیں لگایا جاسکتا تھا کہ ان کے اندر منشیات رکھی ہوگی ۔ خواتین کے جوتوں کو بھی اسی مقصد کےلئے خصوصی طور پر تیار کروایا گیا تھا ۔ اسمگلروں کی چالاکی سیکیورٹی اہلکاروں کی نظروں کو دھوکہ نہ دے سکی۔ 
 

شیئر: