ٹی20 ورلڈکپ: پاکستان اور نیوزی لینڈ کتنی بار مقابل آئے؟
ٹی20 ورلڈکپ: پاکستان اور نیوزی لینڈ کتنی بار مقابل آئے؟
منگل 8 نومبر 2022 11:18
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹی 20 ورلڈ کپ کا سیمی فائنل بدھ کو سڈنی میں کھیلا جائے گا۔ (فائل فوٹو: اردو نیوز)
پاکستان کرکٹ ٹیم ٹی20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں بدھ کو سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں نیوزی لینڈ کا سامنا کرے گی۔ اس ورلڈکپ سے قبل دونوں ٹیمیں گذشتہ سات ٹی20 ورلڈ کپ میں چھ مرتبہ آمنے سامنے آئی ہیں۔
اگر ٹی 20 ورلڈ کپ کی تاریخ دیکھی جائے تو نیوزی لینڈ کے مقابلے میں پاکستان کا پلڑا بھاری نظر آتا ہے۔ ٹی20 ورلڈکپ میں دونوں ٹیموں کے درمیان ہونے والے چھ میچوں میں سے پاکستان نے چار اور نیوزی لینڈ نے دو جیتے ہیں۔
سنہ 2007 میں جنوبی افریقہ میں کھیلے جانے والے پہلے ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں مدمقابل آئے تھے۔
کیپ ٹاؤن میں کھیلے جانے والے اس میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 143 رنز بنائے تھے۔ پاکستان نے 144 رنز کا ہدف چار وکٹوں کے نقصان پر 19 ویں اوور میں حاصل کر لیا تھا۔
پاکستانی فاسٹ بولر عمر گل نے اس میچ میں چار اوور میں صرف 15 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں تھیں اور پلیئر آف دی میچ قرار پائے تھے۔
ٹی20 ورلڈ کپ 2009
ٹی20 ورلڈ کپ 2009 میں دونوں ٹیمیں ایک بار پھر مدمقابل آئیں اور اس بار بھی پاکستان کی ٹیم نیوزی لینڈ پر حاوی نظر آئی۔
نیوزی لینڈ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 99 کے مجموعی سکور پر آؤٹ ہوگئی اور پاکستان نے 100 رنز کا ہدف چار وکٹوں کے نقصان پر 14 ویں اوور میں بآسانی حاصل کر لیا۔
پاکستانی فاسٹ بولر عمر گل نے اس میچ میں 6 رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں تھیں اور مین آف دی میچ قرار پائے تھے۔
ٹی20 ورلڈ کپ 2010
ٹی20 ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ نیوزی لینڈ پاکستان سے 2010 میں جیتا تھا۔ ویسٹ انڈیز میں کھیل جانے والے ورلڈ کپ کے گروپ میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو جیتنے کے لیے 134 رنز کا ہدف دیا تھا۔
پاکستان کی ٹیم یہ میچ ایک رن سے ہار گئی تھی۔ نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر آین بٹلر نے 19 رنز دے کر تین پاکستانیوں کو پویلین کی راہ دکھائی تھی اور ان کی اس کارکردگی پر انہیں مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا تھا۔
ٹی20 ورلڈ کپ 2012
نیوزی لینڈ اور پاکستان کے درمیان ٹی 20 ورلڈ کپ 2012 میں ہونے والے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 178 رنز کا ہدف دیا تھا۔
اس ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بنا سکی اور یہ میچ پاکستان نے 13 رنز سے جیت لیا تھا۔
سری لنکا میں ہونے والے اس ٹی20 میچ میں پاکستانی بیٹر ناصر جمشید کو 35 گیندوں پر 56 رنز بنانے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا تھا۔
ٹی20 ورلڈ کپ 2016
انڈیا میں کھیلے جانے والے ٹی20 ورلڈ کپ 2016 میں موہالی کے گراؤنڈ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ ایک بار پھر آمنے سامنے آئے۔
نیوزی لینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں پاکستان کو جیت کے لیے 181 رنز کا ہدف دیا تھا۔ پاکستانی ٹیم اس ہدف کے حصول میں ناکام رہی اور نیوزی لینڈ یہ میچ 22 رنز سے جیتنے میں کامیاب رہا۔
نیوزی لینڈ کے بیٹر مارٹن گپٹل نے 48 گیندوں پر 80 رنز بنائے اور انہیں اس جارحانہ بیٹنگ پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا تھا۔
ٹی20 ورلڈ کپ 2021
ٹی20 ورلڈ کپ میں آخری مرتبہ دونوں ٹیمیں پچھلے سال شارجہ کے میدان میں آمنے سامنے آئیں تھیں۔ اس میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 134 رنز بنائے تھے۔
پاکستان نے یہ ہدف پانچ وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کرلیا تھا۔ پاکستانی فاسٹ بولر حارث رؤف نے اس میچ میں 22 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں اور مین آف دا میچ قرار پائے۔