کراچی میں افواج پاکستان کے حق میں مظاہرے
جمعرات 10 نومبر 2022 17:07
زین علی -اردو نیوز، کراچی
جے یو آئی نے پریس کانفرنس میں کہا کہ افواج پاکستان کے شانہ بشانہ لڑیں گے۔ فوٹو: اردو نیوز
پاکستان کے ساحلی شہر کراچی میں افواج پاکستان کی حمایت میں سیاسی و سماجی تنظیموں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی جانب سے مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔
گزشتہ دو دنوں سے جاری ان مظاہروں میں افواج پاکستان کے خلاف ’چلنے والی مہم‘ کو ملک مخالف قرار دیا گیا ہے۔
مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ افواج پاکستان کو سیاست کا حصہ نہ بنایا جائے، ملکی اداروں کو تنقید کا نشانہ بنانا قابل مذمت ہے۔
جمعرات کو جمعیت علمائے اسلام سندھ کے رہنما علامہ راشد سومرو نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ’افواج پاکستان کے شانہ بشانہ لڑیں گے اور کسی کو بھی اداروں کو کمزور نہیں کرنے دیں گے، اگر ملک میں ہماری فوج نہیں ہوگی تو کسی اور کی ہوگی جو عمران کا اصل ایجنڈا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام پاکستان سولہ سال سے عمران خان کا مقابلہ کر رہی ہے۔
دوسری جانب سماجی تنظیم یونیٹی پیس فورم (یو پی ایف) نے بھی کراچی پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا۔
یو پی ایف کے رہنما نواب علی راجپوت نے مظاہرین سے خطاب میں کہا کہ افواج پاکستان کے خلاف منفی پراپیگنڈہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
’افواج پاکستان پر انگلی اٹھانے کا مطلب ملک کو غیر مستحکم کرنا ہے۔ پاک فوج کے خلاف بات کرنے والے جان لیں کہ پاک فوج ہر محب وطن پاکستانی کی ریڈ لائن ہے۔ اسے کراس نہ کیا جائے۔ سیاسی معاملات میں فوج کو زبردستی شامل کرنا قابل مذمت عمل ہے۔‘
آل پاکستان مسلم لیگ کے کارکنوں نے بھی فوارہ چوک میں افواج پاکستان کی حمایت میں مظاہرہ کیا۔
مظاہرین سے خطاب میں آل پاکستان مسلم لیگ کے رہنما سیف الرحمان نے کہا کہ افواج پاکستان کی لازوال قربانیاں ہیں، ان کے خلاف بیان افسوسناک عمل ہے۔
’ملک کی موجودہ صورتحال میں فوج کا حوصلہ بڑھانے کی ضرورت ہے ناکہ ان کے خلاف بیانات دیے جائیں۔ ہر مشکل وقت میں پاک فوج نے ملک کا ناصرف دفاع کیا بلکہ قدرتی آفات میں بھی ریلیف کے کام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے۔ پاکستانی عوام اپنی فوج سے محبت کرتی ہے اور ان کے خلاف مہم کا دفاع کرنا بھی جانتے ہیں۔‘