بیرون ملک رقم لے جانے کی حد، پی ٹی آئی رہنما کی ویڈیو لیک اور سیاح کی رہائی سمیت پاکستان سے ہفتہ بھر کی اہم خبریں
ہفتہ 12 نومبر 2022 0:16
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
چھالیہ لے جانے پر ترکی میں گرفتار ہونے والے پاکستانی کی رہائی، کس کا سیاسی رہنما سچا اور کون جھوٹا کے معاملے پر تکرار کے بعد مسافر کی ہلاکت، بیرون ملک ڈالر لے جانے کی نئی حد کا اعلان اور عمران خان پر فائرنگ کا مقدمہ ہفتہ رفتہ میں زیادہ پڑھی جانیں والی خبروں میں شامل رہی۔
عمران خان کو ’قتل کی دھمکی‘ پر مسلم لیگ ن کے رہنما عطااللہ تارڑ سمیت دیگر افراد پر دہشت گردی کا مقدمہ، اسلام آباد کا لاک ڈاؤن اور خیبرپختونخوا میں مارخور کے شکار کے چار پرمٹوں کی نیلامی کی خبریں بھی نمایاں رہیں۔
’میرا لیڈر سچا، تمہارا جھوٹا‘، سیاسی تکرار کے بعد مسافر ہلاک
خیبرپختونخوا پولیس کے مطابق پشاور سے تیمرگرہ جانے والی مسافر گاڑی میں دو مسافروں کے درمیان سیاسی بحث جھگڑے میں بدل گئی اور اس دوران گولی چلنے سے ایک مسافر کی موت واقع ہوگئی۔
مردان پولیس کے مطابق پانچ نومبر سنیچر کو پشاور سے مسافر گاڑی تیمرگرہ کی طرف جارہی تھی جس کے دو مسافروں میں سیاسی بحث چھڑ گئی تھی۔
سٹیٹ بینک کی نئی پالیسی: بیرون ملک ڈالر لے جانے کی حد میں کمی
سٹیٹ بینک نے سفر، اور ڈیبٹ یا کریڈٹ کارڈ کے ذریعے بیرونِ ملک ادائیگی کے لیے زرِمبادلہ کی حد کو تبدیل کردیا۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان نے سفری مقاصد کے لیے غیر ملکی نقد کرنسی لے جانے کی موجودہ حد پر نظر ثانی کی ہے اور فیصلہ کیا ہے کہ اسے مزید معقول بنایا جائے۔
عمران خان پر فائرنگ کا مقدمہ درج، ’تحریک انصاف کو منظور نہیں‘
سابق وزیراعظم اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے کنٹینر پر لانگ مارچ کے دوران وزیر آباد کے مقام پر 3 نومبر کو فائرنگ کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
اس مقدمے میں موقع سے گرفتار کیے گئے مبینہ حملہ آور نوید ولد بشیر کو ملزم نامزد کیا گیا ہے جبکہ تحریک انصاف نے اس ایف آئی آر کو مسترد کردیا ہے۔
عمران خان کو ’قتل کی دھمکی‘، عطا تارڑ سمیت دیگر افراد پر دہشت گردی کا مقدمہ
حافظ آباد میں وزیراعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی عطا تارڑ، سابق وفاقی وزیر سائرہ افضل تارڑ اور مسلم لیگ ن کے سابق وائس چیئرمین رائے قمر سمیت دیگر افراد پر دہشت گردی کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق ایک جلسے میں عطا تارڑ اور سائرہ افضل تارڑ نے رائے قمر کو کہا کہ ’عمران خان کے واجب القتل ہونے کی بات نہ بھولنا۔‘
پی ٹی آئی کا احتجاج، اسلام آباد کا لاک ڈاؤن آج سے شروع: اسد قیصر
پاکستان تحریک انصاف خیبرپختونخوا کی قیادت نے لانگ مارچ کی حکمت عملی میں بڑی تبدیلی کرتے ہوئے آزادی مارچ کے شروع ہونے سے پہلے ہی اسلام اباد کو لاک ڈاؤن کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے بتایا کہ ان کی جماعت نے اسلام آباد کو لاک ڈاؤن کرنے کا منصوبہ تیار کر لیا ہے اور سوموار سے ہی اسلام آباد کے راستوں پر ہمارے کارکن دھرنا دیں گے۔
خیبر پختونخوا میں مارخور کا شکار: چار پرمٹ آٹھ کروڑ 68 لاکھ روپے میں نیلام
پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا کے محکمہ جنگلی حیات نے کشمیر مارخور کی ٹرافی ہنٹنگ کے چار پرمٹس تین لاکھ 92 ہزار ڈالر (آٹھ کروڑ 68 لاکھ 86 ہزار میں نیلامی کر دی ہے۔
محکمہ جنگلی حیات خیبر پختونخوا کے ڈی ایف او ہیڈکوارٹرز صلاح الدین کے مطابق کے پی کے مختلف کنزرونسیز میں چار ٹرافی ہنٹنگ کے پرمٹس کی نیلامی کی گئی۔
اعظم سواتی کی ویڈیو جعلی قرار، ’چہروں کو بگاڑ کر ویڈیوز بدنامی کے لیے شامل کی گئیں‘
وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر اعظم سواتی کی ویڈیو جعلی قرار دے دی۔
سنیچر کو ایف آئی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سینیٹر اعظم سواتی کے بارے میں انٹرنیٹ پر پھیلائی جانے والی ویڈیو کا فارنزک تجزیہ کیا گیا، ویڈیو اور آڈیو کا فریم ٹو فریم فارنزک کیا گیا اور یہ عمل انٹرنیشنل معیار کے مطابق سرانجام دیا گیا۔
ترکی میں چھالیہ لے جانے پر گرفتار پاکستانی سیاح رہا
ترکی میں غلطی سے چھالیہ لے جانے والے پاکستانی محمد اویس کو وہاں کی مقامی عدالت نے رہا کر دیا ہے۔
محمد اویس کے اہل خانہ نے ان کی رہائی کی تصدیق کر دی ہے۔
محمد اویس کو بدھ کے روز مقامی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں پاکستانی سفارت خانے کے حکام کی جانب سے لکھا گیا خط پیش کیا گیا۔