Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا دورۂ پاکستان ری شیڈول: دفترِ خارجہ

سعودی ولی عہد اپنے دوسرے دورے پر 21 نومبر کو پاکستان پہنچ رہے تھے۔(فائل فوٹو: اے پی پی)
پاکستان کے دفترِ خارجہ کے مطابق سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا دورۂ پاکستان ری شیڈول کر دیا گیا ہے۔
سنیچر کو دفترِ خارجہ نے دورۂ پاکستان کے التوا کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ’ولی عہد کے دورے کی نئی تاریخ کا اعلان باہمی مشاورت سے کیا جائے گا۔‘
دفترِ خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ ’شہزادہ محمد بن سلمان کے دورے کو ری شیڈول کیا جا رہا ہے اور دونوں ممالک باہمی مشاورت کے بعد نئی تاریخ فائنل کریں گے۔‘
خیال رہے سعودی ولی عہد اپنے دوسرے دورے پر 21 نومبر کو پاکستان پہنچ رہے تھے۔
نومبر 2019 میں سعودی ولی عہد کے پہلے دورۂ پاکستان کے دوران پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان 21 ارب ڈالر کے سرمایہ کاری کے معاہدوں پر دستخط ہوئے تھے جن میں تیل کی ریفائنری کے قیام کا معاہدہ بھی شامل تھا۔
دریں اثنا پاکستان علما کونسل کے سربراہ حافظ طاہر محمد اشرفی کا ایک ویڈیو بیان میں کہنا تھا کہ ’سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان پاکستان کے مہمان تھے، مہمان ہیں اور جب بھی آئیں گے مہمان رہیں گے۔‘
’ولی عہد پاکستان کے لیے بہت ہی محترم ہیں اور جب بھی آئیں گے ہمارے قابل عزت مہمان ہوں گے۔‘
طاہر اشرفی نے کہا کہ ’افواہ سازی اور پروپیگنڈے سے متاثر نہ ہو کہ یہ دورۂ پاکستان کے داخلی حالات کی وجہ سے ملتوی ہوا بلکہ ولی عہد نے اپنے شیڈول اور پروگرام کے مطابق اس کو ملتوی کیا ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ سعودی ولی عہد جلد پاکستان کا دورۂ کریں گے اور پاکستانی ان کا پرتپاک خیرمقدم کریں گے۔

شیئر: