Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’پاکستانی ٹیم کے لیے آج بھی وہی پیغام ہے جو 92 کی ٹیم کو دیا تھا‘

پاکستان نے 1992 میں انگلینڈ کو میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں شکست دی تھی۔ (فائل فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستان کے لیے 1992 کا کرکٹ ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کے کپتان عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم کے لیے آج بھی وہی پیغام ہے جو 92 کی ٹیم کو دیا تھا۔
اتوار کو کرکٹ کے میدان سے سیاست کا رخ کرنے والے پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان نے ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل سے کچھ دیر قبل ٹوئٹر پر جاری پیغام میں کہا کہ ’ورلڈ کپ فائنل کھیلنے کا موقع کم ہی ملتا ہے اس دن کو انجوائے کریں۔ اگر آپ رسک لینے کو تیار ہیں اور مخالف کی غلطیوں سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں تو آپ جیتیں گے۔‘
ایک الگ ٹویٹ میں عمران خان نے لکھا کہ ’اس کا مطلب جارحانہ ذہنیت کے ساتھ کھیلنا ہے۔ پوری قوم آپ کی کامیابی کے لیے دعاگو ہے۔‘
پاکستانی ٹیم نے عمران خان کی قیادت میں 1992 کے کرکٹ ورلڈ کپ میں انگلینڈ کو شکست دی تھی۔
اس ٹورنامنٹ کے ابتدا میں پاکستانی ٹیم کا سفر کوئی حوصلہ افزا نہ تھا، ابتدائی دونوں میچ  ہارنے اور ایک میچ بارش کا شکار ہونے کے بعد خدشہ تھا کہ گرین شرٹس ٹورنامنٹ سے باہر ہو جائے گی۔
تاہم بعد میں گروپ مرحلے کے میچ جیتنے اور سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کو شکست دینے کے بعد پاکستانی ٹیم نے فائنل میں انگلینڈ کو شکست دے کر پہلی مرتبہ کرکٹ ورلڈ کپ جیتا تھا۔

شیئر: