ٹی 20 ورلڈ کپ فائنل: ’اب تو موسم کا حال دیکھتے آنکھیں دکھنے لگی ہیں‘
اتوار 13 نومبر 2022 8:38
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں تیسری مرتبہ ٹی 20 ورلڈکپ فائنل کھیل رہی ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان میلبرن میں ٹی 20 ورلڈ کپ کا فائنل بارش سے متاثر ہونے کے خدشات کے باوجود کرکٹ شائقین اپنی امید چھوڑنے کو تیار نہیں ہیں۔
بار بار موسم کی صورتحال دیکھنے اور ہر مرتبہ نیا رنگ ڈھنگ اختیار کرلینے والے موسم کو دیکھ کر کئی شائقین یہ کہنے پر مجبور ہوئے کہ ’سورج چچا مان بھی جائیں اب تو موسم کا حال دیکھتے آنکھیں دُکھنے لگی ہیں۔‘
کسی نے شکوہ کیا کہ ’موسم کی اتنی اپ ڈیٹ تو کبھی اپنے آبائی شہر کی نہیں دیکھیں جتنی میلبرن کی دیکھ لی ہیں۔‘
ٹوئٹر کے ٹرینڈز پینل میں ’ٹی 20 ورلڈ کپ فائنل‘، ’میلبرن‘، ’آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2022 فائنل‘ اور ’پاکستان بمقابلہ انگلینڈ فائنل‘ کے ٹرینڈز بنے تو ان میں گفتگو کرنے والوں کی تعداد سے واضح تھا کہ کرکٹ فینز ہی نہیں بہت سے دیگر افراد بھی یہ ویک اینڈ کرکٹ کے نام کیے بیٹھے ہیں۔
محمد شعیب اظہر نے میلبرن کے موسم کا حال بتایا تو لکھا کہ شام سات سے رات 10 بجے تک بارش نہیں ہوگی۔
محمد حمزہ نے گزشتہ چند روز کے دوران سب سے زیادہ استعمال ہونے والی تراکیب میں سے ایک ’قدرت کا نظام‘ استعمال کرتے ہوئے لکھا کہ ’پورا دن بارش کی پیشن گوئی تھی لیکن اس وقت بارش کا کوئی نشان نہیں۔‘
موجودہ ورلڈ کپ کی 1992 کے ورلڈ کپ سے مماثلتیں تلاش کرنے کے موضوع پر بات کرتے ہوئے مغیث علی نے لکھا کہ ’ان شااللہ تاریخ دہرائی جائے گی۔‘
ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان اور انگلینڈ دو مرتبہ آمنے سامنے آئے ہیں۔ دونوں مرتبہ کامیابی انگلینڈ کے نام رہی ہے۔
پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں تیسری مرتبہ ٹی20 ورلڈ کپ کا فائنل کھیل رہی ہیں۔ انگلینڈ نے اس سے قبل 2010 میں آسٹریلیا کو شکست دے کر ٹورنامنٹ جیتا تھا جب کہ 2016 میں ویسٹ انڈیز سے شکست ہوئی تھی۔
پاکستانی ٹیم 2007 میں کامیاب نہ ہوسکی تو 2009 میں یونس خان کی قیادت میں ٹی 20 ورلڈ کپ ٹرافی جیتی تھی، گرین شرٹس بھی تیسری مرتبہ ٹورنامنٹ کا فائنل کھیل رہی ہیں۔