ٹی20 ورلڈ کپ کے بعد ’ٹیم آف دی ٹورنامنٹ‘ کا اعلان، پاکستانی کھلاڑی بھی شامل
پیر 14 نومبر 2022 11:39
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
ٹیم میں شاہین شاہ آفریدی بھی شامل ہیں۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
آسٹریلیا میں انگلینڈ کی جیت پر ٹی20 ورلڈ کپ کے اختتام کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ’ٹیم آف دی ٹورنامنٹ‘ کا اعلان کر دیا ہے۔
پیر کو آئی سی سی کی جانب سے ’ٹیم آف دا ٹورنامنٹ‘ کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس ٹیم 12 کھلاڑی شامل ہیں۔ ان کھلاڑیوں میں چار انگلش، دو پاکستانی اور دو انڈین کھلاڑی بھی شامل ہیں۔
خیال رہے اتوار کو میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں ٹی20 ورلڈ کپ کے فائنل میں انگلینڈ نے پاکستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر ورلڈ چیمپیئن کا ٹائٹل دوسری مرتبہ اپنے نام کیا تھا۔
آئی سی سی کی ’ٹیم آف دا ٹورنامنٹ‘ میں شامل انگلینڈ کے کھلاڑی الیکس ہیلز، جوز بٹلر، سیم کرن اور مارک وڈ ہیں۔ جبکہ اس ٹیم میں پاکستانی آل راؤنڈر شاداب خان اور فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو بھی جگہ دی گئی ہے۔
’ٹیم آف دا ٹورنامنٹ‘ میں انڈین بیٹرز وراٹ کوہلی اور سوریا کمار یادیو بھی شامل ہیں۔ آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا کو ٹیم میں 12 ویں کھلاڑی کی حیثیت سے شامل کیا گیا ہے۔
اس ٹیم میں نیوزی لینڈ کے گلین فلپس، زمبابوے کے سکندر رضا اور جنوبی افریقہ کے فاسٹ بولر اینرخ نوکیے بھی شامل ہیں۔