Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایمازون کے بانی جیف بیزوس اپنی 214 ارب ڈالر دولت کا زیادہ حصہ عطیہ کریں گے

جیف بیزوس نے کہا کہ وہ یہ رقم اپنی زندگی میں عطیہ کریں گے (فوٹو: کیون مازور)
آن لائن شاپنگ کمپنی ایمازون کے بانی جیف بیزوس نے پہلی مرتبہ کہا ہے کہ وہ اپنی 214 ارب ڈالر دولت کا زیادہ تر حصہ عطیہ کر دیں گے، لیکن انہوں نے خبردار بھی کیا ہے کہ ایسا کرنا مشکل ہو گا۔
فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق بل گیٹس اور وارن بوفیٹ جیسی امیر شخصیات بھی اس طرح کے اعلانات کر چکی ہیں۔
امریکی نیوز چینل سی این این کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ ان کی دوست لارین سانچیز اس پر کام کر رہے ہیں۔
جیف بیزوس سے پوچھا گیا کہ کیا وہ یہ رقم اپنی زندگی میں عطیہ کریں گے تو ان کا جواب ہاں میں تھا۔
یاد رہے کہ جیف بیزوس کی سابقہ بیوی مکینزی سکاٹ نے 2019 میں طلاق کے بعد اعلان کیا تھا کہ وہ اپنی آدھی دولت عطیہ کریں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ’مشکل سوال یہ ہے کہ ایسا کس طرح کیا جائے گا۔ یہ آسان نہیں ہے۔ ایمازون کو آگے بڑھانا آسان نہ تھا۔ میں غور کر رہا ہوں اور میرے خیال میں لارین بھی اسی پر غور کر رہی ہیں۔‘
جیف بیزوس نے سنیچر کو امریکی سنگر اور انسانی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنے والی ڈولی پارٹن کو ایک کروڑ ڈالر عطیہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈولی پارٹن دل سے عطیہ کرتی ہیں۔ انہوں نے بچوں کی تعلیم کے حوالے سے ڈولی پارٹن کی تعریف بھی کی تھی۔

شیئر: