تجارتی کمپنیوں میں کاروباری اداروں کو شریک کاروبار بنانے کی اجازت
اس اقدام سے کمپنیوں کے سرمائے میں اضافہ اورآمدنی کا دائرہ وسیع ہوگا( فوٹو ٹوئٹر وزارت تجارت)
سعودی وزارت تجارت نے تجارتی اداروں اور کمپنیوں میں استحکام لانے اور آسانیوں کے لیے تجارتی کمپنیوں میں کاروباری اداروں کو شریک کاروبار بنانے کی اجازت دی ہے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق وزارت تجارت نے بیان میں کہا کہ’ مختلف قسم کی کمپنیوں میں کاروباری ادارے تجارتی شریک کے طور پر شامل ہوسکتے ہیں۔ اس کی اجازت دی گئی ہے‘۔
بیان میں کہا گیا کہ’ اس اقدام سے کاروباری اداروں اور کمپنیوں کے سرمائے میں اضافہ اورآمدنی کا دائرہ وسیع ہوگا۔‘
وزارت تجارت کا کہنا ہے کہ’ تجارتی کمپنیاں مختلف شعبوں کا تجربہ رکھنے والے اداروں کو اپنی کمپنی کا حصہ بنا کر ان کے تجربات سے فائدہ اٹھاسکتی ہیں۔ کمپنیاں کاروباری اداروں کو شیئرز دے کر یا شریک کاروبار بناکر یہ کام کرسکتی ہیں‘۔
وزارت تجارت کا کہنا ہے کہ ’کمپنیاں کسی بھی ادارے کو حکومتی ویب کے ذریعے آن لائن شریک کاروبار کرسکتی ہیں۔ یہ کام نئی کمپنیوں کے قیام کے ذریعے کیاجاسکتا ہے‘۔