عمرہ و حج زائرین کی خدمت کےلیے رضاکاروں کی رجسٹریشن
رجسٹریشن کا آغاز27 نومبر سے ہوگا اور 24 دسمبر تک جاری رہے گی(فوٹو سبق)
سعودی عرب مکہ مکرمہ میں کمیونٹی سینٹر سوسائٹی کے پروگرام ’تعظیم البلد الحرام‘ نے کہا ہے کہ ’رمضان اور آئندہ حج موسم کے دوران عمرہ و حج زائرین کی خدمت کےلیے رضاکاروں کی رجسٹریشن شروع کی جارہی ہے‘۔
رجسٹریشن کا آغاز27 نومبر سے ہوگا اور یہ 24 دسمبر تک جاری رہے گی۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق تعظیم البلد الحرام پروگرام کے نائب سربراہ ڈاکٹر عبدالرحمن الغامدی نے مکہ کے نوجوانوں سے کہا ہے کہ’ وہ ’شباب مکہ‘ ویب سائٹ کے ذریعے بطوررضاکار رجسٹریشن کرا سکتے ہیں‘۔
یاد رہے کہ سوسائٹی کے ماتحت ’شباب مکہ فی خدمتک‘ (مکہ کے نوجوان آپ کی خدمت میں) کے عنوان سے پروگرام 19 برس سے جاری ہے۔ اس کے تحت مکہ کے نوجوانوں کو زائرین کی خدمت کا موقع دیا جاتا ہے۔
رضا کارنوجوان زائرین کو خانہ کعبہ کے طواف، راستہ بھول جانے والوں کی رہنمائی اورابتدائی طبی امداد فراہم کرتے ہیں۔
علاوہ ازیں عمرہ زائرین کی گاڑیوں کی پارکنگ میں بھی تعاون کیا جاتا ہے۔ ہسپتالوں میں زیرعلاج زائرین کی نگہداشت کے علاوہ بہت سارے ایسے کام کرتے ہیں جن سے زائرین کو سہولت ملتی ہے۔