بدین... سابق صدر اورپیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ میاں صاحب کو آج نہیں تو کل آپ کو جانا تو پڑے گا کیوں کہ اب تو ججوںنے بھی کہہ دیا ہے۔بدین میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ میں لوگوں کو پیار تو دیتا ہوں۔ اسی پیار سے لوگ میری جانب کھنچے چلے آتے ہیں۔دوست جسے جادو کہتے ہیں وہ میرا پیار ہے۔انہوںنے نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے پتہ ہے مارچ کا انتظار کیا جا رہا ہے تاکہ سینیٹ میں اکثریت لے سکیں لیکن ایسا نہیں ہوگا۔سینیٹ میں بھی ہم اکثریت لیں گے اور قومی اسمبلی بھی۔اللہ نے چاہا تو پنجاب میں بھی حکومت بنا کر دکھاوں گا۔ انہوں نے کہا کہ اب بلوچستان جاوں گا، جن کے دل ٹوٹے ہوئے ہیں وہ مجھے بلا رہے ہیں۔ انہوں نے بدین کے لوگوں کو مخاطب کرکے کہا کہ ان زمینوں پر آپ کا حق ہے، وزیر اعلیٰ سے کہا ہے کہ یہاں کے لوگوں میں زمینیں تقسیم کریں، ان کی زمینوں تک نہر کا پانی پہنچائیں گے اور بینظیر کارڈ کی تعداد دگنا کریں گے۔