’فلم ’ہم آپ کے ہیں کون‘ کے پریمیئر سے لوگ اٹھ کر چلے گئے‘
جمعرات 17 نومبر 2022 17:30
سورج برجاتیا نے کہا کہ ’نوجوان میری فلمیں پسند نہیں کرتے۔‘ (فوٹو: انڈیا ٹو ڈے)
انڈین فلم پروڈیوسر سورج برجاتیا نے کہا ہے کہ 1994 میں بننے والی ان کی فلم ’ہم آپ کے ہیں کون‘ کے پریمیئر سے لوگ اٹھ کر چلے گئے تھے جب کہ وہ سمجھ رہے تھے کہ یہ ان کی بہترین فلم ہے۔
انڈین ایکسپریس کو دیے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ’جب ہم نے فلم کا پریمیئر کیا تو لوگوں نے فلم کو پسند نہیں کیا۔ مجھے اچھی طرح یاد ہے کہ لوگ ہر گانے بعد باہر نکل رہے تھے۔ میں کہا یہ کیا ہو گیا۔‘
’مجھے یاد ہے کسی نوجوان نے کہا کہ یہ سب کے ساتھ ہوتا ہے۔ یہی سب راج کپور کے ساتھ بھی ہوا۔ آپ اپنی اگلی فلم جلد بنائیں۔ چار یا پانچ روز کے بعد فیملیز نے فلم دیکھنا شروع کر دی۔‘
’ہم آپ کے ہیں کون‘ سورج برجاتیا کی 1989 میں بننے والی فلم ’میں نے پیار کیا‘ کے بعد دوسری فلم تھی۔
انہوں نے کہا کہ ’نوجوان میری فلمیں پسند نہیں کرتے۔ نوجوانوں نے اس فلم کو شروع میں پسند نہیں کیا تھا، لیکن بعد میں انہوں نے اپنے بزرگوں کو سینما لانا شروع کر دیا۔‘
’ہم آپ کے ہیں کون فلم نے مجھے سکھایا کہ میں فلمیں بناتا رہوں۔ آپ کو کچھ علم نہیں کہ آگے کیا ہوگا اور آپ لوگوں کو مورد الزام نہیں ٹھہرا سکتے کہ انہیں سینما کے بارے میں کچھ معلوم نہیں۔ وہ سب جانتے ہیں۔‘
سورج برجاتیا کی نئی فلم ’انچائی‘ 11 نومبر کو ریلیز ہوئی تھی جس کی کاسٹ میں امیتابھ بچن، پرینیتی چوپڑا، انوپم کھیر اور بومن ایرانی سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔