Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بغداد ایئرپورٹ پر 48 گھنٹوں میں دوسری مرتبہ آگ بھڑک اُٹھی، تحقیقات شروع

عراقی فوج کے مطابق آگ ایئرپورٹ کے گراؤنڈ فلور پر موجود وی آئی پی ہال میں لگی (فائل فوٹو: اے ایف پی)
عراق کے دارالحکومت بغداد کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر 48 گھنٹوں کے دوران دوسری مرتبہ آگ بھڑک اُٹھی جس کے بعد عراقی حکام نے معاملے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔
عراقی فوج کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق آگ ایئرپورٹ کے گراؤنڈ فلور پر موجود وی آئی پی ہال میں لگی جس سے وہاں پڑے سامان اور اشیا کو نقصان پہنچا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
بیان کے مطابق آتشزدگی کے بعد ایئرپورٹ سے پروازیں شیڈول کے مطابق جاری ہیں۔
سول ڈیفنس کے مطابق آگ بھجانے کے عمل میں 16 فائر ٹینڈرز نے حصہ لیا، آتشزدگی کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے تحقیقات کی سفارش کی گئی ہے۔
اس سے قبل منگل کے روز بغداد کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر مسافروں کی روانگی والے ہال میں آگ لگی تھی۔
آگ لگنے سے عارضی طور پر پروازوں کی آمدورفت کو معطل کردیا گیا تھا اور فوری طور پر آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی تھی۔
عراق کے سول ڈیفنس ڈائریکٹوریٹ کے حوالے سے بتایا گیا تھا کہ آگ کیفے ٹیریا کے کچن میں لگی جس کے بعد دھوئیں کے بادل ایئرپورٹ کے اطراف میں پھیل گئے۔
آگ بھجانے والے عملے نے منٹوں میں آگ پر قابو پالیا جس کے بعد ایئرپورٹ پر پروازوں کی آمدوفست کا سلسلہ دوبارہ شروع کردیا گیا۔
آتشزدگی سے ایئرپورٹ پر کام کرنے والے تین کارکنوں کا سانس کی تکلیف باعث علاج کیا گیا، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
یاد رہے کہ رواں برس جنوری میں 6 راکٹوں کے ذریعے بغداد ایئرپورٹ کو نشانہ بنایا گیا جس سے دو کمرشل جہازوں کو نقصان پہنچا تھا۔

شیئر: