2025 تک الیکٹرک گاڑیوں سے منافع کمائیں گے: جنرل موٹرز
جنرل موٹرز سالانہ دس لاکھ الیکٹرک گاڑیاں تیار کرے گی۔ فوٹو: اے ایف پی
امریکہ کی کار ساز کمپنی جنرل موٹرز نے کہا ہے کہ اُس کا الیکٹرک گاڑیوں کا پورٹ فولیو 2025 تک شمالی امریکہ میں منافع کمانا شروع کر دے گا۔
خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق جنرل موٹرز نے اپنے پلانٹ اور بیٹریوں کی صلاحیت کو بڑھایا ہے جس کے بعد اب کمپنی سالانہ 10 لاکھ الیکٹرک گاڑیاں تیار کرے گی۔
یہ اعلان جنرل موٹرز کی چیف ایگزیکٹیو آفیسر میری بارا نے جمعرات کو نیویارک میں کمپنی کے سرمایہ کاروں کے دن کی تقریب کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا کہ منافع کے اعداد و شمار میں گاڑیوں کی فروخت سے ہونے والی آمدنی، ٹیکس کریڈٹس سے حاصل ہونے والے فوائد اور سافٹ ویئر اور پارٹس کی فروخت سے ہونے والی آمدنی شامل ہے۔
میری بارا نے کہا کہ کمپنی الیکٹرک گاڑیاں بہت زیادہ صارفین کی توجہ حاصل کریں گی۔ ایک درمیانی درجے کی الیکٹرک سپورٹس گاڑی (ایس یو وی) تقریباً 30 ہزار ڈالر میں دستیاب ہوگی، جبکہ اگلے دو برسوں میں الیکٹرک لگژری ایس یو وی، پک اپ ٹرک اور ہمر ایس یو وی بھی مارکیٹ میں آ جائیں گی۔
امریکی کار ساز کمپنی نے سنہ 2035 تک صرف الیکٹرک مسافر گاڑیاں تیار کرنے کا ہدف اپنے سامنے رکھا ہے۔
جنرل موٹرز اپنی چیف ایگزیکٹیو آفیسر میری بارا کے اس اعلان پر قائم ہے کہ کمپنی رواں دہائی کے وسط تک امریکی مارکیٹ کی لیڈر ٹیسلا سے زیادہ الیکٹرک گاڑیاں فروخت کرے گی۔
کمپنی کے چیف فنانشل آفیسر پال جیکبسن نے سرمایہ کاروں کے دن کی تقریب سے قبل صحافیوں کو بتایا کہ ’ہمارا عزم صنعت کی قیادت کرنا ہے، ہمیں یقین ہے کہ ہم نے جو بنیادی ڈھانچہ رکھا ہے اور جو گاڑیاں آپ آج دیکھ رہے ہیں، ہم وہاں تک پہنچنے کے قابل ہوں گے۔‘
کمپنی کے سنہ 2025 تک منافع کی پیشن گوئی میں بیٹریوں کی فیکٹری کی تیاری اور فیول پر چلنے والی گاڑیوں کے پلانٹس کو برقی گاڑیوں میں تبدیل کرنے کی سرمایہ کاری کے اخراجات شامل ہیں۔