Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹاٹا کمپنی نے انڈیا کی سستی ترین الیکٹرک گاڑی متعارف کرا دی

گاڑی کی قیمت تقریباً دس ہزار ڈالر تک ہو گی. فوٹو: ٹوئٹر ٹاٹا ای وی
انڈیا کے کارساز ادارے ٹاٹا نے ملک میں اب تک کی سستی ترین اور الیکٹرک گاڑی متعارف کر دی ہے جس کی قیمت 10 ہزار ڈالر کے قریب ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ٹاٹا الیکٹرک گاڑیاں بنانے والی انڈیا کی واحد کمپنی ہے جس کو حکومت کی جانب سے سبسڈی اور درآمدات کے ٹیرف میں چھوٹ حاصل ہے۔
ٹاٹا کا یہ اقدام حریف کمپنی مہندرا اینڈ مہندرا کے اس اعلان کے بعد سامنے آیا ہے جس میں کچھ عرصہ پیشتر اس کی جانب سے کہا گیا تھا کہ وہ الیکٹرک گاڑیاں بنانے کے لیے سرمایہ کاری کو پانچ سو ملین تک بڑھانے جا رہی ہے اور اگلے سال جنوری میں پہلی الیکٹرک سپورٹس گاڑی سامنے لائے گی۔
ٹاٹا کی ٹیاگو الیکٹرک گاڑی اس کے مشہور ماڈل ٹیاگو ہیچ بیک کا الیکٹرک ورژن ہے۔
اس کی قیمت آٹھ لاکھ 49 ہزار روپے (10 ہزار تین سو 70 ڈالر) سے شروع ہوگی جبکہ انڈیا میں بڑی تعداد میں فروخت ہونے والی گاڑیوں کی تعداد 15 ہزار ڈالر سے نیچے ہے۔
انڈیا گاڑیوں کی مارکیٹ کے حوالے سے دنیا کا چوتھا بڑا ملک بھی ہے۔
یہ گاڑی انڈیا کی سب سے سستی الیکٹرک گاڑی ٹیگور کمپکٹ سیڈان سے بھی سستی ہے اور وہ بھی ٹاٹا کمپنی کی ہے۔
اس کی قیمت 14 ہزار نو سو 40 ڈالر ہے تاہم چین میں الیکٹرک گاڑیوں کے ایسے ماڈل بھی موجود ہیں جن کی قیمت 32 ہزار آٹھ سو یوآن (چار ہزار 525 ڈالر) سے شروع ہوتی ہے۔
ٹاٹا کے مینیجنگ ڈائریکٹر شیلیش چندرا کا کہنا ہے کہ ٹیاگو الیکٹرک گاڑی کی آپریٹنگ لاگت پیٹرول ورژن کے مقابلے میں سات گنا کم ہوگی جو سب کے لیے پرکشش ہو سکتی ہے۔
ان کے مطابق ’ہمارا مقصد کم لاگت نہیں بلکہ گاڑی سے متعلق تمام جدید اشیا کو مناسب قیمت میں پیش کرنا ہے۔‘
چندرا کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’سب سے الگ‘ قیمت سے ٹاٹا کے لیے چھوٹے شہروں اور قصبوں کی مارکیٹس میں نئے دروازے کھلیں، جہاں قیمت کے معامل خریدار بہت حساس ہوتے ہیں۔
ٹاٹا انڈیا کی ایک تہائی گاڑیاں بنانے والی کمپنی ہے اور پچھلے سال متعارف ہونے والے ماڈلز نے اس نے کثیر منافع کمایا ہے۔

شیئر: