کترینہ کیف کیمرا مینوں پر برہم، ’ہم یہاں ایکسرسائز کرنے آئے ہیں‘
کترینہ کیف کی رواں ماہ کے آغاز میں فلم ’فون بھوت‘ ریلیز ہوئی ہے (فوٹو: اے ایف پی)
بالی وڈ کی مشہور اداکارہ کترینہ کیف اپنے جم کے باہر کیمرہ مینز دیکھ کر ناراض ہو گئیں۔
انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق جمعے کی شب کترینہ کیف جم جانے کے لیے اپنی گاڑی سے اتر رہی تھیں کہ پاپارازی نے اپنے کیمرے ان کی طرف کر لیے۔
اس واقعے کی سامنے آنے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کترینہ نے سب سے پہلے اپنی گاڑی کا دروازہ بند کرنے کی کوشش کی جب انہوں نے اپنے راستے میں کیمرے آتے دیکھے۔
پاپارازی میں سے ایک اداکارہ کو رکنے کے لیے کہتا ہے تو وہ آگے سے جواباً انہیں اپنے کیمرے نیچے کرنے کو کہتی ہیں۔
جب کترینہ کو احساس ہوتا ہے کہ وہ ابھی بھی کیمروں کے فریم میں ہیں تو وہ کہتی ہیں کہ ’آپ لوگ کیمرہ نیچے رکھو، ہم یہاں ایکسرسائز کرنے آئے ہیں۔‘
وہ غصے میں مزید کہتی ہیں کہ ’اگر آپ ایسے کریں گے نا۔۔۔۔ کیمرہ نیچے رکھیے آپ۔۔۔‘ اور اپنا جملہ مکمل کیے بغیر گاڑی سے باہر نکل گئیں۔
اس کے بعد وہ کیمروں سے دور چلی گئیں اور پاپارازی نے ان سے معافی مانگی۔ بعد میں انہیں قریبی پارک میں واک کرتے بھی دیکھا گیا۔
کترینہ کیف کی رواں ماہ کے آغاز میں فلم ’فون بھوت‘ ریلیز ہوئی ہے جس میں انہوں نے بھوت کا کردار ادا کیا ہے۔
ان کی آئندہ آنے والی فلموں میں فرحان خان کی ’جی لے ذرا‘ اور ’ٹائیگر تھری‘ شامل ہیں۔ یہ فلمیں آئندہ برس دیوالی کے موقع پر ریلیز کی جائیں گی۔