انڈونیشیا میں زلزلے سے 162 افراد ہلاک، 700 سے زائد زخمی
گورنر جاوا کے مطابق ’زلزلے سے 13 ہزار افراد بے گھر ہوئے ہیں‘ (فوٹو: اے ایف پی)
انڈونیشیا میں زلزلے سے 50 سے زائد افراد ہلاک جبکہ 700 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی نے بری طرح متاثر ہونے والے ایک قصبے میں موجود ایک مقامی اہلکار کے حوالے سے بتایا کہ زلزلہ انڈونیشیا کے مرکزی جزیرے جاوا میں پیر کے روز آیا۔
جاوا کے گورنر رضوان کامل نے ایک ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ ’میں افسوس کے ساتھ اطلاع دینا چاہتا ہوں کہ ’مغربی جاوا میں زلزلے کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 162 تک پہنچ گئی ہے۔‘
گورنر جاوا نے نیوز کانفرنس میں بتایا کہ ’زلزلے سے بے شمار عمارتیں تباہ ہوگئی ہیں اور ابھی تک بے شمار افراد ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔‘
’زلزلے سے 13 ہزار افراد بے گھر ہوئے ہیں جنہیں چیانچور میں مختلف پناہ گاہوں میں رکھا جا رہا ہے۔‘
’ہمیں خدشہ ہے کہ وقت کے ساتھ زخمی اور ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد میں اضافہ ہوگا۔‘
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ بورڈ انڈونیشیا کے مطابق زلزلے میں 2200 مکانات تباہ جبکہ 5300 سے زائد افراد بے گھر ہوگئے ہیں۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز نے گورنر کے حوالے سے بتایا کہ ’زلزلے کی شدت 5.6 تھی اور اس کا مرکز دارالحکومت کے جنوب مشرق میں 75 کلومیٹر دور چیانجور کا قصبہ تھا۔
انڈونیشیا بحرالکاہل کے گرد اس علاقے میں واقع ہے جو آتش فشاں اور زلزلوں کے حوالے سے بہت خطرناک سمجھا جاتا ہے۔