متحدہ عرب امارات سے افغانستان کے زلزلہ متاثرین کے لیے امداد روانہ
یہ امداد ’امارات کی مخلتف ممالک میں کمزور اور بحران سے متاثرہ کمیونیٹیز کی مدد کا حصہ ہے (فوٹو: وام)
متحدہ عرب امارات کی سرکاری نیوز ایجنسی وام نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات نے افغانستان میں ہولناک زلزلے سے متاثر ہونے والے افراد کے لیے 30 ٹن خوراک سے لیس امدادی طیارہ روانہ کیا ہے۔
صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان کی ہدایت پر افغانستان میں زلزلہ متاثرین کی مدد کے لیے فضائی راستے سے خوراک، ادویات اور طبی سامان کی امداد فراہمی کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ افغانستان میں زلزلے سے 1500 افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہوئے ہیں۔
وام کے مطابق یہ امداد ’متحدہ عرب امارات کی مخلتف ممالک میں کمزور اور بحران سے متاثرہ کمیونیٹیز کی مدد کا حصہ ہے۔‘
زلزلہ زدگان کے لیے انسانی امداد کی فراہمی جاری ہے کیونکہ افغانستان کے حکام کئی دہائیوں میں ملک کے سب سے مہلک زلزلے سے متاثر ہونے والے ہزاروں افراد کے لیے طبی سامان، خوراک اور پناہ گاہ کے متلاشی ہیں۔