Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رونالڈو اور میسی کوئٹہ ہوٹل پر کیا کر رہے ہیں؟

کوئٹہ ہوٹل میں رونالڈو اور میسی پر بنی میمز سرفہرست ٹرینڈ بنی رہیں (فوٹو: ٹوئٹر)
22 واں فٹبال ورلڈ کپ شروع ہوا تو بھلا یہ کیسے ہو سکتا تھا کہ سوشل میڈیا بالخصوص ٹوئٹر پر میمز اور ٹرینڈز پینل اسے مزاح کا موقع نہ بنائیں۔
پاکستانی ٹائم لائنز نے ٹرینڈز پینل میں ’کوئٹہ ہوٹل‘ سرفہرست دیکھا تو بہت سوں کو حیرت ہوئی کہ کڑک چائے کے یہ مراکز ایسا کیا کر بیٹھے ہیں جو ’زبان زد ٹوئٹر‘ ہوئے بیٹھے ہیں۔
دیکھنے والوں کو مزید حیرت اس وقت ہوئی جب سٹار فٹ بالرز رونالڈو اور میسی ’کوئٹہ ہوٹل میں بیٹھے‘ سوچوں میں غلطاں دکھائی دیے۔
رونالڈو کے سامنے خالی ٹیبل اور میسی کے سامنے پڑا چائے کا مخصوص کپ دیکھ کر یہ اندازہ تو نہیں ہوتا تھا کہ اس میں سادہ چائے یا قہوہ ہے، دودھ پتی موجود ہے یا سپیشل ملائی والی چائے ہے۔ البتہ دونوں فٹ بالرز کے انداز سے واضح تھا کہ درپیش مسئلہ سادہ نہیں، تبھی تو چہروں پر فکر کے سائے نمایاں ہیں۔

ایڈیٹ کر کے بنائی گئی تصویر نے جہاں فٹبال اور چائے کے شائقین افراد کو متوجہ کیا وہیں عام ٹویپس بھی گزرتے گزرتے تبصرہ کرنے کی سہولت سے مستفید ہوتے رہے۔
شاہجہان خرم نے تصویر دیکھ کر کوئٹہ ہوٹل کے لچھے دار پراٹھے اور فرائی آملیٹ یاد دلائے تو جانے کیوں قہقہے کی ایموجی بھی شیئر کر ڈالی۔

شاہزیب کو تصویر میں اپنی اور دوستوں کی مصروفیات جھلکتی دکھائی دی تو لکھا کہ ’میں اور میرے دوست کوئٹہ ہوٹل پر بیٹھے مستقبل کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔‘
نتاشا ایک قدم آگے بڑھیں تو رونالڈو اور میسی سے متعلق خیال ظاہر کیا کہ کوئٹہ ہوٹل پر بیٹھے دونوں کھلاڑی اپنے مستقبل کے بارے میں سوچ رہے ہیں۔

تصویر دیکھ کر مختلف اندازے قائم کرنے والوں کے بیچ یہ سوال بھی تازہ ہوتا رہا کہ آخر دونوں فٹ بالرز کوئٹہ ہوٹل پر کر کیا رہے ہیں؟ ایسے افراد کو یہ جاننے میں دلچسپی تھی کہ ان میمز کا پس منظر کیا ہے۔
کچھ تلاش کے بعد معاملہ کھلا تو واضح ہوا کہ کرسٹیانو رونالڈو نے اپنے سوشل اکاؤنٹ پر ایک تصویر شیئر کی جس میں وہ اور میسی اپنے سامنے شطرنج کی بساط سجائے چال سوچ رہے ہیں۔
دو روز قبل شیئر کی گئی تصویر میں دونوں فٹ بالرز فرانسیسی فیشن برانڈ کے لیے ماڈلنگ کرتے دکھائے گئے تھے۔

’جیت ایک ذہنی کیفیت ہے‘ کے کیپشن کے ساتھ رونالڈو کی ٹویٹ میں موجود تصویر پاکستانی ٹویپس کے ہاتھ چڑھی تو نہ صرف شطرنج کا بورڈ، اس کے نیچے موجود منفرد سا صندوق اور پس منظر غائب ہوا بلکہ کوئٹہ ہوٹل کا ٹیبل اور چائے کا کپ ہی نہیں، راولپنڈی ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن کا جاری کردہ نرخ نامہ بھی اس کا حصہ بنا دیا گیا۔
سوشل ٹائم لائنز پر چائے کے کپ پر سجنے والا گپ شپ جیسا ماحول بنا تو فٹ بال فینز نے بھی اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کو ایک فریم میں دیکھ کر خوشی کا اظہار کیا۔
اس موقع پر چند افراد نے نشاندہی کی کہ جسے اصل تصویر سمجھا جا رہا ہے وہ بھی ایڈیٹڈ ہے۔ دونوں کھلاڑیوں کی الگ الگ تصاویر کو ایک کیا گیا ہے۔

بین گیسکن نے ایک ٹویٹ میں دو الگ الگ تصاویر شیئر کرتے ہوئے دعوٰی کیا کہ دونوں کھلاڑی ایک جگہ موجود نہیں ہیں۔
گزشتہ روز فٹبال ورلڈ کپ کی افتتاحی تقریب کے بعد ٹورنامنٹ کا پہلا میچ میزبان قطر اور ایکواڈور کے درمیان کھیلا گیا، جس میں مہمان سائیڈ نے دو صفر سے کامیابی حاصل کی۔
قطر میں 20 نومبر سے 18 دسمبر تک جاری رہنے والے ٹورنامنٹ میں سعودی عرب سمیت 32 ملکوں کی ٹیمیں شریک ہیں۔ پانچ شہروں کے آٹھ مختلف سٹیڈیمز میں سجنے والا فٹبال میلہ کھیلوں کی دنیا کا سب سے بڑا ٹورنامنٹ کہا جاتا ہے۔

شیئر: