مملکت میں ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی پر 14 افراد گرفتار
زیر حراست افراد گیارہ گاڑیوں پر لکڑیاں لاد کر لے جارہے تھے(فوٹو سبق)
سعودی محکمہ امن عامہ نے ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے 14 افراد کو گرفتارکیا ہے۔ بغیر اجازت درخت کاٹ کر لکڑیاں فروخت کرنے کے لیے جارہے تھے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، جازان، الجوف، عسیر اور الباحہ ریجنوں میں امن عامہ کے اہلکاروں نے 13 سعودی شہریوں اور ایک مقیم یمنی کو ماحولیاتی قانون کی خلاف ورزی پر حراست میں لیا ہے۔
زیر حراست افراد گیارہ گاڑیوں پر لکڑیاں لاد کر لے جارہے تھے۔ قانونی کارروائی کے بعد ضبط شدہ لکڑیاں متعلقہ ادارے کے حوالے کی گئی ہیں۔
وزارت داخلہ ان دنوں مملکت بھر میں لکڑیوں کے غیر قانونی کاروبار کے سدباب کے لیے خصوصی مہم چلائے ہوئے ہے۔ اہم کمشنریوں، شہروں اور مختلف ریجنوں کو جوڑنے والی شاہراہوں پرکارروائیاں کی جارہی ہیں۔
محکمہ امن عامہ کا کہنا ہے کہ اگر کسی کےعلم میں جنگلی حیاتیات یا ماحولیات کے حوالے سے کوئی غیر قانونی سرگرمی آئے تواس کی رپورٹ کی جائے۔