کترینہ کیف کو بھی ’میرا دل یہ پکارے آجا‘ گانے کا بخار
انٹرنیٹ پر وائرل ہونے والا گانا اصلی گانے کا ریمیک ہے۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
بالی وُڈ کی باربی گرل کترینہ کیف بھی انٹرنیٹ پر وائرل گانے ’میرا دل یہ پکارے آجا‘ کے سحر میں مبتلا دکھائی دے رہی ہیں۔
پیر کے روز فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر کترینہ کیف کی جانب سے ایک رِیل اپلوڈ کی گئی ہے جس میں وہ اس گانے پر جلوہ گر ہیں۔
کترینہ کیف نے رِیل پر لکھا کہ ’میرا دل یہ پکارے آجا‘
انسٹاگرام پر اس رِیل کو اب تک ایک کروڑ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے جبکہ 22 لاکھ افراد نے اسے لائک کیا ہے۔
’میرا دل یہ پکارے آجا‘ 1954 میں ریلیز ہونے والی ہندی فلم ’ناگن‘ کا گانا ہے جسے لتا منگیشکر نے گایا تھا۔
تاہم انٹرنیٹ پر وائرل ہونے والا گانا اصلی گانے کا ریمیک ہے۔
یہ گانا گذشتہ کئی ہفتوں سے پاکستانی انسٹاگرام اور ٹک ٹاک سٹار عائشہ کے ڈانس کی وجہ سے انٹرنیٹ پر وائرل ہے۔
رواں ماہ عائشہ نامی لڑکی نے اپنے انسٹاگرام پر اس گانے پر ڈانس کی ویڈیو اپلوڈ کی تھی جو کچھ ہی دنوں میں پاکستان کے علاوہ انڈیا میں بھی مشہور ہوگئی تھی۔
کترینہ کیف کی اس رِیل پر انسٹاگرام پر صارفین کی جانب سے تبصرے بھی کیے جارہے ہیں۔
کترینہ کیف فین پیج نے لکھا کہ ’کترینہ آج سو کر اٹھیں اور انہوں نے انٹرنیٹ پر آگ لگانے کی ٹھان لی۔‘
جاگیردار جے وی نے مزاحیہ انداز میں لکھا کہ ’آ تو جاتا پر سکیورٹی والے نہیں آنے دیں گے۔‘
مایور مشرا کہتے ہیں کہ ’اس گانے کی رِیل پر پہلی بار لائک کیا ہے وہ بھی صرف کیٹ آپ کی وجہ سے۔‘
فہد لکھتے ہیں کہ ’پاکستان کی بالادستی (یعنی پاکستانی وائرل رِیل پر کترینہ نے بھی رِیل بنا دی)۔‘
خیال رہے حالیہ دنوں میں کترینہ کیف کی نئی فلم ’فون بھوت‘ ریلیز ہوئی تھی جو کہ باکس آفس پر بری طرح ناکام رہی ہے۔