عمران خان پر حملہ: ملزم 13 روزہ جسمانی ریمانڈ پر جے آئی ٹی کے حوالے
لانگ مارچ کے دوران وزیرآباد میں عمران خان کے کنٹینر پر فائرنگ ہوئی تھی۔ فوٹو: اے ایف پی
چیئرمین تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان پر حملہ کیس میں عدالت نے ملزم نوید مہر کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 13 روز کی توسیع کرتے ہوئے انہیں جے آئی ٹی کے حوالے کر دیا ہے۔
منگل کے روز مرکزی ملزم نوید مہر کو گوجرانوالہ کی انسدادِ دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا۔
لانگ مارچ کے دوران 3 نومبر کو وزیرآباد میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے کنٹینر پر فائرنگ ہوئی تھی جس میں سابق وزیراعظم سمیت پارٹی کے دیگر افراد بھی زخمی ہوئے تھے۔
حملے کے پانچ منٹ بعد ہی وزیرآباد کی پولیس نے واقعے کے مرکزی ملزم نوید مہر کو گرفتار کر لیا تھا۔
پولیس کی تفتیشی ٹیم نے انسدادِ دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیش ہو کر آگاہ کیا کہ ناجائز اسلحہ رکھنے پر مرکزی ملزم نوید پر تھانہ سٹی وزیر آباد میں آج منگل کو ایک اور ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم نے سابق وزیراعظم عمران خان اور ساتھیوں پر جس پستول سے فائرنگ کی وہ بغیر لائسنس کے تھی۔
پولیس نے بتایا کہ عمران خان حملہ کیس کے تفتیشی افسر انور شاہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ ملزم نوید کو جے آئی ٹی اورسی ٹی ڈی افسران کے ساتھ حویلی میں لے جایا گیا، ملزم نے فائرنگ کے بعد 30 بور پستول برآمد کی۔
پولیس کے مطابق ’پستول کا میگزین خالی تھا اور اس کا رنگ سیاہ تھا۔‘
ملزم نوید مہر کو بارہ روز جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت میں لایا گیا تھا۔ عدالت کے باہر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔
ملزم نوید مہر کو آئندہ 12 دسمبر کو دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے گا۔