دبئی سے انٹرنیشنل سمگلرز کی گرفتاری پر یوروپول کی تعریف
دبئی سے انٹرنیشنل سمگلرز کی گرفتاری پر یوروپول کی تعریف
منگل 29 نومبر 2022 19:08
دبئی سے گرفتار چھ مشتبہ افراد میں دو نیدرلینڈ، دو سپین اور دو فرانس سے ہیں۔ فوٹو ٹوئٹر
متحدہ عرب امارات کے نائب وزیر اعظم شیخ سیف بن زاید النہیان نےگزشتہ روز پیر کو یوروپول کے تعاون سے منشیات کے 49 سمگلروں کی گرفتاری کو سراہا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق گرفتار کئے گئے منشیات کے سمگلروں میں سے چھ بڑے ملزمان کو دبئی سے گرفتار کیا گیا ہے جو یورپ کے کوکین کے تجارتی نیٹ ورک کے ایک تہائی کو کنٹرول کرنے والے 'سپر کارٹیل' میں ملوث تھے۔
شیخ سیف بن زاید النہیان نے ٹوئٹر پیغام میں کہا ہے کہ میں دبئی پولیس اور متحدہ عرب امارات کے یوروپول سے مشترکہ کاوش پر سپین، بیلجئم، ہالینڈ، فرانس اور امریکہ کا شکریہ اداکرتا ہوں جنہوں نے آپریشن ڈیزرٹ لائٹ کامیاب بنا کر منی لانڈرنگ اور منشیات کے 49 سمگلروں کو گرفتار کیا ہے۔
شیخ سیف نے آپریشن ڈیزرٹ لائٹ کی کامیابی کا سہرا دنیا بھر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان تعاون کو قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ معاہدے متحدہ عرب امارات کے عالمی تحفظ اور سلامتی کے عزم کا کلیدی حصہ رہے ہیں۔
یہ گرفتاریاں متحدہ عرب امارات کی وزارت داخلہ، دبئی پولیس جنرل کمانڈ، یورپی یونین کی جانب سے قانون نافذ کرنے والی ایجنسی یوروپول اور بیرون ملک قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کی باہمی کوششوں کا نتیجہ ہیں۔
یوروپول کے تعاون سےسپین، فرانس، بیلجیم، نیدرلینڈز اور یو اے ای میں شروع کی گئی متوازی تحقیقات نے بڑے پیمانے پر منشیات کی سمگلنگ اور منی لانڈرنگ میں ملوث مجرمانہ نیٹ ورک کی سرگرمیوں کا خاتمہ کیا ہے۔
یوروپول کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اس بین الاقوامی آپریشن کے دوران قانون نافذ کرنے والے افسران نے30 ٹن سے زیادہ منشیات ضبط کی ہیں۔
دبئی میں جن چھ بڑے مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے ان میں دو کا تعلق نیدرلینڈ سے، دو کا سپین سےاور دو کا تعلق فرانس سے ہے۔
یوروپول کے ذرائع نے اے ایف پی کو بتایا ہے کہ ڈچ مشتبہ افراد میں سے ایک انتہائی بڑی مچھلی ہے۔
یوروپول نے ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ اسی طرح کے آپریشن کے تحت نیدرلینڈز میں 2021 میں 14 افراد کو گرفتار کیا گیا تھا اورحالیہ آپریشن میں سپین میں مزید 13، فرانس میں چھ اور بیلجیئم میں 10 افراد کو گرفتار ہوئے ہیں۔