سعودی عرب کی طرف سے میچ کا واحد گول سالم الدواسری نے کھیل کےآخری لمحات میں کیا۔
میکسیکو نے پہلا گول کھیل کے 48 ویں منٹ اور دوسرا گول تین منٹ بعد 52 ویں منٹ میں کیا۔
میکسیکیو کی جانب سے ہنری مارٹن اور لوئس شاویز نے گول کیے۔ میکسیکو کے سٹرائیکر یوریل بھی گیند کو جال میں پہنچنے میں کامیاب رہے لیکن آف سائیڈ قرار دیے گئے۔
کامیابی کے باوجود گول ایوریج کے فرق کے باعث میکسیکو ورلڈ کپ کے اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی نہیں کرسکا۔ گروپ سی سے ارجنٹائن اور پولینڈ اگلے مرحلے میں پہنچے ہیں۔
میچ دیکھنے کےلیے 84 ہزارسے زیادہ شائقین سٹیڈیم میں موجود تھے۔
کھیل کے 36 ویں منٹ میں سعودی کھلاڑی علی البلیھی زخمی ہونے کے باعث باہر چلے گئے۔ ان کی جگہ ریاض شراحیلی کو میدان میں اتارا گیا۔
دوسرے ہاف میں سعودی ٹیم نے علی الحسن کی جگہ عبداللہ مادو کو کھلایا گیا جبکہ کھیل کےاختتامی لمحات میں الغنام کی جگہ ھتان باھبری کولایا گیا۔
یاد رہے کہ سعودی قومی فٹبال ٹیم اپنے گروپ کا تیسرا اورآخری میچ میکسیکو کے خلاف کھیلا ہے۔ سعودی ٹیم اپنے تین اہم کھلاڑیوں کے بغیر میدان میں اتری تھی۔
قبل ازیں سعودی ٹیم کے کھلاڑیوں نے منگل کو فرانسیسی کوچ کی نگرانی میں سیلین ریزورٹ سٹیڈیم میں تربیتی سیشن میں شرکت کی۔
سعودی ٹیم کے فرانسیسی کوچ کا کہنا تھا کہ ’میکسیکو کےخلاف میچ ان کی زندگی کا اہم ترین میچ ہے۔ شکست سے ہر قیمت پر بچنا ہوگا ورنہ زندگی بھر پشیمان رہیں گے۔‘
رینارلڈ نے پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ ’جب آپ کو فیفا ورلڈ کپ کھیلنے کا موقع ملے تو اس کے ہر لمحے یاد رکھیں۔ 80 ہزار شائقین کی موجودگی میں کھیلنا بڑے معنی رکھتا ہے۔‘
’گروپ سی کا یہ میچ دونوں ٹیموں کے لیے زندگی اور موت کے برابر ہے۔ ہمیں کامیابی کے لیے سر توڑ کوشش کرنا ہو گی۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’سعودی ٹیم الفرج، الشھرانی اور المالکی کی کمی محسوس کر رہی ہے لیکن ہمارے پاس 26 نامور کھلاڑی ہی جو ان کی کمی کو پورا کرنے کے قابل ہیں۔‘