سعودی فٹبال ٹیم دوحہ سے ریاض پہنچ گئی
جمعرات 1 دسمبر 2022 20:28
سعودی ٹیم نے ارجنٹائن کو دوگول سے شکست دی تھی(فوٹو، ایس پی اے)
سعودی قومی فٹبال ٹیم جمعرات کو دوحہ سے ریاض پہنچ گئی۔ فٹبال ورلڈ کپ قطر 2022 میں گروپ سی کے اپنے تیسرے میچ میں میکسیکو سے شکست کے بعد ابتدائی مرحلے سے باہر ہونے کے بعد وطن پہنچ گئی۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق سعودی ٹیم کی جانب سے اس حوالے سے کیے گئے ٹویٹ میں کہاگیا ہے کہ ’شاندار استقبال اور فیاضانہ ضیافت پر قطر کا شکریہ، منفرد تعاون ناقابل فراموش ہے۔ السعودیہ کا طیارہ ہماری ٹیم کے فالکنز کو لے کر بسلامت ریاض پہنچ گیا۔ اللہ کے شکر گزار ہیں‘۔
یاد رہے کہ سعودی فٹبال ٹیم نے پہلے میچ میں ارجنٹائن کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی تھی۔ بعدازاں پولینڈ سے صفر کے مقابلے میں دو گول اور آخر میں میکسیکو کی ٹیم سے ایک کے مقابلے دو گول سے شکست کھا گئی۔
سعودی قومی ٹیم گروپ سی میں 3 پوائنٹس سے چوتھی پوزیشن پر ہے جبکہ ارجنٹائن اور پولینڈ کی ٹیمیں اگلے راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کر گئی ہیں۔