روپے کی قدر میں ملا جلا رجحان، مارکیٹ 42 ہزار 153 پوائنٹس کی سطح پر بند
جمعہ 2 دسمبر 2022 15:05
زین علی -اردو نیوز، کراچی
رواں ہفتے کے آغاز پر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی کی خبریں گردش کر رہی تھیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان میں رواں ہفتے ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں ملا جلا رجحان دیکھا گیا۔
پیر سے شروع ہونے والے کاروباری ہفتے سے جمعہ کو مارکیٹ کے اختتام پر پاکستانی روپے متعدد منفی خبروں کے باوجود اپنی موجودہ قدر برقرار رکھنے میں کامیاب رہا ہے۔
کاروباری ہفتے کے اختتام پر انٹر بینک میں 223 روپے 69 پیسے کے عوض ایک ڈالر فروخت کیا گیا۔ سٹاک مارکیٹ 240 پوائنٹس کمی کے ساتھ 42 ہزار 153 کی سطح پر بند ہوئی۔
فاریکس ڈیلرز کے مطابق رواں ہفتے کے آغاز پر 225 روپے کے عوض کے ایک امریکی ڈالر انٹر بینک میں فروخت کیا جا رہا تھا جبکہ ہفتے کے اختتام پر ڈالر 223 روپے 69 پیسے کی سطح پر رپورٹ کیا گیا ہے۔
ایکسچینچ کمپینیز آف پاکستان کے جنرل سیکریٹری ظفر پراچہ نے اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ رواں ہفتے کے آغاز سے ہی ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں نمایاں کمی اور ترسیلات زر میں کمی کی خبریں گردش کر رہی تھیں۔ لیکن اس کے باوجود ملک میں انٹر بینک میں روپے کی قدر میں خاص کمی رپورٹ نہیں کی گئی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال میں امپورٹ بل میں اضافے اور بیرون ممالک سے رقم کی منتقلی کم ہوئی ہے۔ اس کے اثرات مارکیٹ پر پڑے ہیں۔ موجودہ اتحادی حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’ڈالر کی سمگلنگ روکنے کے لیے مزید سخت اقدامات کرنے پڑیں گے۔ اور ایسا ماحول فراہم کرنا پڑے گا کہ قانونی طریقے سے ملک میں ڈالر بھیجے جائیں۔‘
دوسری جانب رواں ہفتے کے آغاز پر سٹاک مارکیٹ میں شروع ہونے والا منفی رجحان جمعے کو بھی برقرار رہا اور ہفتے کے اختتام پر پاکستان سٹاک ایکسچینج 100 انڈیکس میں 240 پوائنٹس کی کمی کے بعد مارکیٹ 42 ہزار 153 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوئی۔