Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کے لیے 3 ارب ڈالر ڈیپازٹ کی مدت میں توسیع: سعودی سفارتخانہ

سٹیٹ بینک آف پاکستان نے سعودی فیصلے کو سراہا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
سعودی عرب کی حکومت نے پاکستانی معیشت کو سہارا دینے کے لیے پاکستان کے مرکزی بینک میں جمع تین ارب ڈالر کےڈپازٹ کی مدت میں ایک سال کی توسیع کا اعلان کر دیا ہے۔
جمعے کو سعودی سفارت خانے سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق سعودی فرمانرواہ شاہ سلمان کی ہدایت پر سعودی فنڈ فار ڈیولپمنٹ نے سٹیٹ بینک آف پاکستان میں جمع تین ارب کے ڈپازٹ میں توسیع کا اعلان کیا ہے تاکہ پاکستان کو معاشی چیلنجز سے نمٹنے میں آسانی فراہم کی جا سکے۔
پاکستان کے مرکزی بینک کی جانب سے بھی جمعے کو ایک پریس ریلیز جاری کی گئی ہے جس میں سعودی فیصلے کو سراہا گیا ہے۔
پریس ریلیز کے مطابق ڈپازٹ کی مدت میں توسیع سعودی عرب کی حکومت کی طرف سے اسلامی جمہوریہ پاکستان کو فراہم کی جانے والی مدد کا تسلسل ہے، کیونکہ ڈپازٹ کا مقصد بینک میں غیر ملکی کرنسی کے ذخائر کو بڑھانا اور پاکستان کو مشکلات کا سامنا کرنے میں مدد کرنا ہے۔
مرکزی بینک کے مطابق اس رقم نے پاکستان میں کورونا کے معاشی اثرات اور بیرونی شعبے کے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے اور ملک کے لیے پائیدار اقتصادی ترقی حاصل کرنے میں اپنا کردار ادا کیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی شاہی خاندان کی ہدایت کے بعد سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ نے تین ارب ڈالر کے ڈپازٹ معاہدے پر گذشتہ سال نومبر 2021 میں سٹیٹ بینک آف پاکستان کے ساتھ دستخط کیے تھے جو دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعلقات کے تسلسل کی عکاسی کرتے ہیں۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی  وزیراعظم اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کیا ہے۔ وزیر اعظم ہاؤس سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ’سعودی عرب نے ایک بار پھر بڑے بھائی کا کردار ادا کیا، پاکستان سے اپنی بے مثال محبت کا ثبوت دیا ۔‘
بیان کے مطابق سعودی عرب کے اقدام سے پاکستان کی معاشی صورتحال بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ 
 

شیئر: