منی لانڈرنگ کیس: عدالت نے ایئرپورٹ پر سلیمان شہباز کی گرفتاری سے روک دیا
اسلام آباد ہائی کورٹ نے حکم دیا ہے کہ ’سلیمان شہباز 13 دسمبر تک سرنڈر کردیں‘ (فائل فوٹو: سلیمان شہباز ٹوئٹر)
اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایف آئی اے کو وزیراعظم شہباز شریف کے صاحبزادے سلیمان شہباز کی وطن واپسی پر گرفتاری سے روک دیا ہے۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق نے جمعرات کے روز سلیمان شہباز کی حفاظتی ضمانت کی درخواست کی سماعت کی۔
سماعت کے دوران چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے حکم دیا کہ سلیمان شہباز 13 دسمبر تک عدالت کے سامنے سرنڈر کردیں۔
سلیمان شہباز کے وکیل امجد پرویز نے عدالت کو بتایا کہ ’ان کے موکل اتوار کے روز سعودی عرب سے اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچ رہے ہیں۔‘
’سلیمان شہباز 11 دسمبر کو سعودی ایئرلائن سے وطن واپس پہنچیں گے۔‘ انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ ’ائیرپورٹ سے عدالت پہنچنے تک سلیمان شہباز کو گرفتار نہ کیا جائے۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’سلیمان شہباز 2018 سے بیرون ملک ہیں، ان کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج اس کے بعد ہوا۔‘
اس پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا کہ ’پٹیشنر کی عدم موجودگی میں حفاظتی ضمانت نہیں دی جا سکتی۔‘