سعود شکیل کی وکٹ: ’یار بڑا غلط آؤٹ دیا اس پر احتجاج بنتا ہے‘
پیر 12 دسمبر 2022 10:06
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
پاکستان کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں انگلینڈ کو برتری حاصل ہے۔ (فوٹو: ویڈیو گریب)
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے جانے والے ملتان ٹیسٹ میں سعود شکیل کو کیچ آؤٹ دیا گیا تو کرکٹ فینز کی اکثریت نے اسے غلط فیصلہ قرار دیا۔
میچ کے چوتھے دن سعود شکیل کے کیچ ہونے کے سکرین شارٹس اور ویڈیوز شیئر کرنے والوں نے تھرڈ ایمپائر جوئل ولسن کا نام لے کر انہیں بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔
کرکٹ فینز نے موقف اپنایا کہ صرف کرکٹ ہی نہیں بلکہ اس فیصلے میں ہیومن اینگل کو بھی نظرانداز کیا گیا ہے۔ میچ کے جس مرحلے پر سعود شکیل کو آؤٹ دیا گیا وہ نہ صرف فیصلہ کن ہے بلکہ ایک کرکٹر کی اس محنت کو بھی نظرانداز کرنے کے مترادف ہے جو اننگز کو یہاں تک لانے کے لیے کی گئی۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور ہیڈ کوچ وقار یونس نے معاملے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’بال زمین پر ٹکرا رہی تھی، اس کے نیچے کچھ بھی نہیں تھا۔‘
ٹوئٹر صارف عبدالغفار نے فیصلے پر سوال کرتے ہوئے لکھا کہ یہ ’میچ اور سیریز کا بڑا لمحہ ہے اب یہ 64 رنز بہت دور دکھائی دے رہے ہیں۔’
پاکستان کے سابق وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل نے آؤٹ ہونے کو ’چونکا دینے والا فیصلہ‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’میری رائے میں یہ آؤٹ نہیں تھا۔‘
خرم شہزاد نے جوئل ولسن کے فیصلے پر اعتراض کیا تو اپنے ردعمل میں کہا کہ ’یار بڑا غلط آؤٹ دیا، اس پر احتجاج بنتا ہے۔‘
صحافی فیضان لاکھانی نے آنکھوں پر پٹی باندھے ایک فرد کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’تھرڈ ایمپائر سعود شکیل سے متعلق فیصلہ کر رہے ہیں۔‘
فیصلہ سامنے آتے ہی جہاں سعود شکیل کا نام ٹرینڈز پینل پر نمایاں ہوا وہیں یہ متنازع فیصلہ دینے والے تھرڈ ایمپائر جوئل ولسن بھی ان پر ہونے والی تنقید کی وجہ سے نمایاں رہے۔
کرکٹ فینز نے جوئل ولس کے فیصلوں کا حوالہ دیتے ہوئے یہ دعویٰ بھی کر ڈالا کہ ان کے 35 فیصد فیصلے غلط ثابت ہوئے ہیں، پہلے وہ وکٹوں پر ایمپائرنگ کرتے ہوئے غلطیاں کرتے تھے، اب انہوں نے ٹی وی پر بھی یہی کام جاری رکھا ہوا ہے۔
علی خان نے لکھا کہ ’گیند واضح طور پر زمین سے ٹکرانے کے بعد وکٹ کیپر کے دستانوں میں آئی۔ بال کے نیچے کچھ نہ تھا اور وہ گھاس سے ٹکرائی۔ یہ سیریز کا متنازع ترین فیصلہ رہے گا۔‘